0
Saturday 10 Mar 2012 21:47

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر غیر یقینی حالات کا خاتمہ ممکن نہیں، یاسین ملک

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر غیر یقینی حالات کا خاتمہ ممکن نہیں، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک نے مسئلہ کشمیر کو منجمد کرکے امن کی اُمید رکھنے کو دیوانے کا خواب قرار دیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ یہ مسئلہ حل کئے بغیر امن و ترقی لاحاصل اور نہ ہی غیر یقینی حالات کا خاتمہ ممکن ہے۔ راجوری کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک یاسین نے کہا کہ توگڑیا جیسے فسطائی ذہنیت والے لوگ مسلمانوں کا کچھ بگاڑ نہیں پائیں گے۔ شمالی قصبہ ہندواڑہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنماء نے جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر اور منجمد کرنے سے برصغیر کے حالات درست ہو جائیں گے وہ محض دیوانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ جموں کشمیر کا مسئلہ ایک ایسی حقیقت ہے کہ جس کے حل ہوئے بناء برصغیر میں امن، استحکام، تعمیر و ترقی اور غیر یقینی حالات کا خاتمہ ناممکن ہے۔ 

یاسین ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے بڑھ کر کون ہوگا جو امن و استحکام کا متمنی ہو، اس مسئلے کی وجہ سے ہم نے اپنی چار نسلیں برباد ہوتی دیکھی ہیں۔ ہمارے لاکھوں لوگ اس راہ میں شہید ہوئے ہیں اور ہماری قوم کے 90فیصد سے زیادہ لوگ ہیں جو کسی نہ کسی ظلم و تعدی کا شکار ہوئے ہیں۔ اس حقیقت کے پیش نظر جموں و کشمیر کے لوگ بھی تعمیر و ترقی، امن و استحکام کا ماحول چاہتے ہیں لیکن کیا یہ امن و استحکام ہوا میں لایا جاسکتا ہے؟ کیا اس کے لئے اُن مسائل کا خاتمہ ضروری نہیں ہے جن کی وجہ سے اس غیر یقینی صورت حال کا ہم سب کو سامنا ہے؟ یاسین ملک نے کہا کہ اسی سچائی کے پیش نظریہ ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کا فوری، ترجیحی اور حتمی حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بھارت و پاکستان کی قیادت اس مسئلے کی سنگینی کا ادراک کرتے ہو ئے اور کشمیریوں کی عملی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے اس مسئلے کے حل کی جانب مثبت پیش رفت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 144507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش