0
Thursday 5 Nov 2009 10:35

فوج طالبان کے اہم مرکز لدھا میں داخل،گلی گلی لڑائی،مزید 30 شدت پسند ہلاک

فوج طالبان کے اہم مرکز لدھا میں داخل،گلی گلی لڑائی،مزید 30 شدت پسند ہلاک
لدھا،کرم ایجنسی،تیمرگرہ،بونیر:آپریشن راہ نجات میں سیکورٹی فورسز عسکریت پسندوں کے ایک اور مضبوط مرکز لدھا میں داخل ہو گئی ہیے جس کے بعد وہاں کی گلی گلی میں پاک فوج اور جنگجوؤں کے درمیان شدید جنگ چھڑ گئی ہے،تازہ کارروائیوں میں 30 جنگجو ہلاک اور دو افسروں سمیت 8 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ کرم ایجنسی اور باجوڑ میں 5 جنگجو مارے گئے،تیمرگرہ میں طالبان کا اہم کمانڈر جبکہ سوات سے طالبان کی مالی معاونت کرنے والے فنانس منیجر کو گرفتار کر لیا ہے جن سے بھاری رقم بھی برآمد کی گئی ہے،سوات اور شانگلہ میں سرچ آپریشن کے دوران 29 مشتبہ جگنجوؤں کو گرفتار کیا گیا،خار میں جنگجوؤں نے دو خواتین اسانذہ کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آپریشن راہ نجات میں 30 جنگجو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مارے گئے ہیں۔ فورسز عسکریت پسندوں کے مضبوط گڑھ لدھا میں داخل ہو چکی ہیں۔ بیان کے مطابق سراروغہ کا بڑا حصہ محفوظ بنا لیا گیا ہے جبکہ سراروغہ میں 16 جنگجو مارے گئے اور 8 اہلکار جن میں دو افسر اور ایک جونیئر کمیشنڈ افسر بھی شامل ہیں زخمی ہو گئے ۔ کنی گرام اور شکئی کی طرف فوج لدھا میں داخل ہو گئی ہے۔ گلی گلی میں شدید لڑائی میں 10 جنگجو مارے گئے۔رزمک اور مکین میں فورسز نے چائنا گاؤں میں پوزیشنیں مکمل مستحکم کرلیں اور 4 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔مالاکنڈ اور سوات میں 24 عسکریت پسند گرفتار کئے گئے جبکہ دو دہشت گردوں نے سرنڈر کر لیا۔
آپریشن راہ نجات میں مزید7شدت پسند ہلاک،4زخمی
وانا:جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید سات شدت پسند ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقوں مکین،لدھا اور آسمان منزہ میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔سیکیورٹی فورسز شدت پسندوں کے خلاف بھاری توپ خانے،گن شپ ہیلی کاپٹرز اور جیٹ طیاروں کا استعمال کر رہی ہیں۔ تازہ کارروائی میں سات شدت پسند ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔گذشتہ روز فورسز کے دستے شدت پسندوں کے گڑھ لدھا کے مختلف علاقوں میں داخل ہو گئے جس کے بعد سیکڑوں شدت پسند فرار ہو کر کرم ایجنسی،اورکزئی ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں روپوش ہو رہے ہیں۔ان کا راستہ روکنے کے لئے کرم ایجنسی ٹل روڈ اور شمالی وزیرستان ٹل روڈ کو آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 14461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش