0
Friday 16 Mar 2012 20:24

بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کے پیچھے بھارت اور امریکہ کا ہاتھ ہے،صاحبزادہ فضل کریم

بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کے پیچھے بھارت اور امریکہ کا ہاتھ ہے،صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز. جامعہ حنفیہ غوثیہ شیرا کوٹ لاہور میں ’’سدا سلامت پاکستان‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے نصاب تعلیم کو پاکستانیت سے پاک کرنے کے لیے دو سو ملین ڈالر وقف کئے ہیں، اس رقم کی مدد سے خاص طور پر او لیول کے نصاب کو ’’امریکنائز‘‘ کیا جا رہا ہے۔ او لیول کے لیے تیار کی جانے والی کتاب ’’دی ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان‘‘ میں ٹیپو سلطان شہید کو ’’محسور کا خون آشام‘‘ لکھا گیا ہے، چونسٹھ سالوں سے بلوچ سرداروں کی ناز برداریاں اور غریب بلوچ عوام کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عام شہری پاکستان کی حکومتوں سے ناراضگی کے باوجود پاکستان سے محبت رکھتے ہیں، حکومت سندھ کی نو مسلم خاتون فریال کو تحفظ فراہم کرے، مظلوم نومسلم خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے ہراساں کیا جا رہا ہے، غیرملکی این جی اوز نومسلم خواتین کو مرتد بنانا چاہتی ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بار بار اقتدار میں آنے والے سدابہار حکمران پاکستان کے امیر ترین افراد میں شمار ہوتے ہیں، جعلی جمہوریت میں چند خاندانوں کو امیر اور کروڑوں پاکستان کو غریب ترین بنا دیا ہے، فراڈ جمہوریت کو حکمران اشرافیہ نے دولت سازی کے لیے استعمال کیا ہے، یرغمال جمہوریت سے غریبوں کو کچھ نہیں ملا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کے پیچھے بھارت اور امریکہ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون دراصل دہشت گردی کو عالمِ اسلام بالخصوص پاکستان میں برآمد کرنے کا بہانہ تھا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ لاپتہ افراد کے مسئلہ پر سیاست نہ کی جائے، لاپتہ افراد کے لواحقین کی طرح 35 ہزار شہداء کے ورثاء بھی قوم کی ہمدردی کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم نے طبقاتی نظام کو مضبوط کیا ہے، اسلام ارتکازِ دولت کا سب سے بڑا مخالف ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بلوچستان میں غیر بلوچوں کا قتل عام بھی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیڈر دولت سیاست کے ذریعے اور سیاست دولت کے ذریعے کی روش چھوڑ دیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان مخالف نیٹ ورک متحرک ہو چکا ہے، جو پاکستان کے دفاعی اداروں کو بدنام کرنے کے لیے مہم چلا رہا ہے لیکن پاکستانی قوم سکیورٹی فورسز کو کمزور کرنے کی کسی عالمی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ کانفرنس سے پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، محمد نواز کھرل نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ 
خبر کا کوڈ : 146083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش