0
Friday 23 Mar 2012 19:40

نیٹو سپلائی لائن کسی صورت بحال نہیں ہونے دینگے، پروفیسر ابراہیم

نیٹو سپلائی لائن کسی صورت بحال نہیں ہونے دینگے، پروفیسر ابراہیم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی لائن کسی بھی صورت بحال نہیں ہونے دینگے، اور پارلیمنٹ نے اگر سپلائی کی بحالی کے حق میں کوئی قرارداد منظور کی تو پارلیمنٹ ہائوس کا گھیرائو کیا جائیگا، پارلیمنٹ کے ممبران بھی سن لیں کہ امریکہ کی خوشنودی کیلئے ملک و قوم کے مفادات کے خلاف فیصلہ اُنہیں مہنگا پڑیگا اور پوری قوم سڑکوں پر آ جائیگی، المرکز اسلامی پشاور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو حکومت سے یہ پوچھنا چاہیے کہ نیٹو سپلائی اور امریکہ سے اتحاد کے حوالے سے اُسکی قراردادوں پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا اور ملک وقوم کے مفادات پرمبنی آزاد خارجہ پالیسی کیوں تشکیل نہیں دی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سے ڈالر لیکر پختونوں کے سروں پر سودا بازی کرنے والی اے این پی کی حکومت سن لے کہ وقت آنے پر اسے اپنی پختون دشمنی کا حساب دینا پڑیگا، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس کی طرف سے امریکی سفیر کے خطاب کے لئے اے این پی حکومت کی ایماء پر تقریب کا انعقاد درست اقدام نہیں تھا، پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈرون حملوں میں پختون مارے جا رہے ہیں، اس لئے ان حالات میں امریکی سفیر کی غیر معمولی آو بھگت سے امریکہ کو غلط پیغام ملے گا اور وہ یہ سمجھیں گے کہ ان لوگوں میں غیرت نام کی کوئی شے سرے سے موجود ہی نہیں، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر نے امریکی سفیر کی آمد کے موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اپنے اس اقدام سے صوبائی حکومت کا غیر جمہوری رویہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 147717
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش