0
Thursday 29 Mar 2012 00:48

اللہ کی دھرتی پر اللہ کا قانون ہمارے مسائل کا حل ہے، سید وسیم اختر

اللہ کی دھرتی پر اللہ کا قانون ہمارے مسائل کا حل ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ زرداریوں اور گیلانیوں کی حکومت میں پاکستان مسائلستان بنا رہے گا، بے روزگاری، مہنگائی، بد امنی، لاقانونیت بڑھتی رہے گی، لوگ انقلاب کی تیاری کریں اور آئندہ انتخابات میں ظالم و جابر حکمرانوں اور روپ بدل کر آنے والوں کے بہلاوے میں نہ آئیں، جنہوں نے 65 سالوں سے اس ملک کو چراہ گاہ بنا رکھا ہے، جب تک جا گیردار، سرمایہ دار، وڈیرے اقتدار پر قابض رہیں گے غربت میں اضافہ ہوتا رہے گا، جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لے کر آئے گی، 30 مارچ کے جلسہ انقلاب میں قائد جماعت اسلامی سید منور حسن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور اپنا منشور پیش کریں گے۔
 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 198 کے زیر اہتمام چونگی نمبر 1 پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس سے رائو ظفر اقبال، پروفیسر افتخار چودھری، صفدر اقبال، سعید احمد، عظیم الحق پیرزادہ نے بھی خطاب کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو قوم نے تین تین بار اقتدار کا موقع دیا۔ فوجی حکمرانوں کے پاس بھی اقتدار رہا مگر ان سب نے ملک کی حالت بہتر بنانے کی بجائے ملک کو لوٹ کر اپنے لئے مال بنایا اور امریکہ کی چاکری، بھارت کی بالا دستی قبول کی، ان کا کہنا تھا کہ آج 40 فیصد سے زائد لوگ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ ہر سال ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہوتی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ میں 26 ارب روپے کا فراڈ ہو چکا ہے، پنجاب میں اپنوں کو نوازنے کے لئے گھوسٹ منصوبے بنائے گئے، انہوں نے کہا کہ بجلی نہیں آتی مگر بجلی کے بھاری بھر کم بل ضرور آجاتے ہیں۔ حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کی خاطر بجلی کے بلوں میں آئے روز اضافہ کا وطیرہ اپنا رکھا ہے، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غربت کے ماری عوام پر بم گرا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر یہی افراد اقتدار پر قابض رہے تو کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی دھرتی پر اللہ کا قانون ہمارے مسائل کا حل ہے، جماعت اسی نظام کیلئے جدو جہد کر رہی ہے، عوام اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کے نمائندوں کو کامیاب کروائیں۔
خبر کا کوڈ : 148825
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش