0
Sunday 1 Apr 2012 20:01

تاجر برادری کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے پر ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان

تاجر برادری کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے پر ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مسترد کر دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر کے مطابق شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث تجارتی و کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی بری طرح متاثر ہیں۔ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے رہی سہی کسر بھی پوری ہو جائے گی۔ تین روز میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کی گئیں تو ملک گیر سطح پر احتجاجی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی۔

کراچی ٹرانسپورٹرز اتحاد نے بھی پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کل ٹرانسپورٹرز کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ دوسری جانب آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صارفین پر مزید بوجھ پڑے گا۔ سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے انچارج سلیمان کا کہنا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ غیر قانونی ہے اور اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 149573
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش