0
Monday 2 Apr 2012 16:22

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ڈرون حملوں سے کم نہیں، ثروت اعجاز قادری

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ڈرون حملوں سے کم نہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کرپشن، اقرباء پروری، انتہاء پسندی، دہشت گردی نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ڈرون حملوں سے کم نہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے امریکن پالیسیوں پر گامزن ہے، جس طرح بے گناہ عوام کو قتل کرنے کے لیے ڈرون حملے ہورہے ہیں بالکل اسی طرح بار بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو پی ایس ٹی مسترد کرتی ہے اور حکومت سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ عوام دشمن پالیسیاں ترک کرکے عوام دوست پالیسیاں متعارف کرائی جائے وگرنہ عوام کا انقلاب جمہوریت کا دعویٰ کرنے والوں کو بہا کر لے جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا نا ہونا ملک کو بحرانوں کے دلدل میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے رینٹل پاور کیس میں جو فیصلہ دیا ہے اس کی روح کے مطابق ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اعلیٰ عدلیہ کا رینٹل پاور کیس پر فیصلہ خوش آئند ہے مگر قومی ایشوز اور عوامی مفادات سے جڑے ہوئے معاملات پر سپریم کورٹ آف پاکستان جلد از جلد انصاف فراہم کرکے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ سستی بجلی کا دعویٰ کرنے والے آج خود بجلی کرپشن میں ملوث پائے جائے رہے ہیں تو پھر کس طرح ملک سے توانائی بحران ختم کیا جاسکتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرکے ان قوتوں کو ہمیشہ کے لیے مسترد کردیں جو عوام کے جمہوری و آئینی حقوق کو غضب اور ملک کو مزید مشکلات سے دو چار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی آواز بلند کرتی رہے گی، ہم ملک کے متوسط طبقے کو دو فیصد جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ اب عوام کو ہی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے ان سیاست دانوں کو مسترد کردیں جو جمہوری اور عوامی ہونے کا دعویٰ تو کرتے ہیں مگر عوام کو جمہوری حقوق دینے سے گریز کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 149795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش