0
Monday 2 Apr 2012 17:35

پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا، ہیومن رائٹس نیٹ ورک

پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا، ہیومن رائٹس نیٹ ورک
اسلام ٹائمز۔ ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں گزشتہ دنوں خون کی ہولی دراصل پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی سازش تھی۔ فسادات کی آڑ میں اچانک پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا۔ کنزیومر کورٹس قائم کی جائیں۔ اتحادی جماعتیں مہنگائی کے خلاف فی الفور استعفیٰ دیں۔ اگر استعفیٰ نہیں دیا تو قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے تحت کراچی پریس کلب پر مظاہرے سے ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری، جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر، جوائنٹ سیکریٹری طارق خان نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ڈرون حملہ ہے اور دیگر جملے تحریر تھے۔

انتخاب عالم سوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا۔ غریب آدمی کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ عوام مزید مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ ظالمانہ اضافہ نہ صرف فی الفور واپس لیا جائے بلکہ قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اقتدار حاصل کرنے والی جماعت نے عوام کو براہ راست ایٹم بم سے مارنے کی بجائے مہنگائی کے بموں سے مارنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و ناانصافی ہے۔ عوام نئی قیمتوں کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمتوں میں کئی کئی ڈالر فی بیرل کمی ہوتی ہے تو پاکستان میں چند پیسوں کی کمی کی جاتی ہے۔ مگر جب عالمی منڈی میں قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوتا ہے تو حکومت فی لیٹر کئی کئی روپے کا اضافہ کرکے عوام دشمنی کا مظاہرہ کرتی ہے۔

جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا ایک نیا سیلاب آئے گا جس سے محتاج و غریب عوام کی کمر مزید دہری ہوجائے گی۔ جوائنٹ سیکریٹری طارق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ پہلے قومی اسمبلی میں کچھ سیاسی پارٹیوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی تھی، اس کے بعد کئی مرتبہ اور کئی گنا اضافہ کیا گیا، لیکن اس کے باوجود اس پر کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا ہیومن رائٹس نیٹ ورک مطالبہ کرتی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات سمیت تمام اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں کمی کرکے مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے تاکہ غریب عوام کو دو وقت کی روٹی میسر آسکے۔
خبر کا کوڈ : 149828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش