0
Tuesday 3 Apr 2012 00:44

سرائیکستان صوبہ بنانے کیلئے جانوں کا نذرانہ بھی دینا پڑا تو دریغ نہیں کرینگے، تاج محمد لنگاہ

سرائیکستان صوبہ بنانے کیلئے جانوں کا نذرانہ بھی دینا پڑا تو دریغ نہیں کرینگے، تاج محمد لنگاہ
اسلام ٹائمز۔ سرائیکیستان صوبہ بنانے کیلئے جانوں کا نذرانہ بھی دینا پڑا تو ہم دریغ نہیں کرینگے، ان خیالات کا اظہار پاکستان سرائیکی پارٹی کے سربراہ بیرسٹر تاج محمد خان لنگاہ نے نور پور نورنگا میں انور رشید بلوچ کی رہائش گاہ پر پاکستان سرائیکی پارٹی کے زیر اہتمام ایک جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وسیب کی محرومیوں کا ازالہ تب ہی ممکن ہو گا جب صوبہ سرائیکیستان بن جائے گا، انہوں نے نوجوان انور رشید بلوچ کی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں ضلع بہاول پور کا نائب صدر نامزد کیا۔ 

انور رشید بلوچ نے اپنے خطاب میں سرائیکی پارٹی کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبہ سرائیکیستان کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دی جائیگی اور سرائیکیستان صوبہ کی تحریک کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، جلسہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر تاج محمد خان لنگاہ نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ تحریک بحالی صوبہ بہاولپور والے دراصل پنجابی اسٹبلشمنٹ کے آلہ کار ہیں وہ یہ جان لیں کہ ہماری منزل قریب ہے۔ قبل ازیں جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکی سعادت حافظ نذیر احمد اور قاری احتشام نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبولۖ کی سعادت محمد اسماعیل عباسی نے حاصل کی۔
 
جلسہ کی نقابت کے فرائض معروف سرائیکی شاعر دیوانہ بلوچ نے سرانجام دیئے۔ جلسہ گاہ کو صوبہ سرائیکیستان پر مبنی بینروں سے سجایا گیا تھا۔ جلسہ سے پاکستان سرائیکی پارٹی کے مرکزی رہنمائوں جام یاسر ایڈووکیٹ، عبداللہ ساقی سیال، علامہ اقبال وسیم، صفدر رشید بلوچ، محمد اکبر انصاری نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 149886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش