0
Tuesday 24 Apr 2012 20:46

عالمی ایجنڈے کے تحت قوم کو ناچ گانے پر لگایا جا رہا ہے، فضل کریم

عالمی ایجنڈے کے تحت قوم کو ناچ گانے پر لگایا جا رہا ہے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر گلبرگ میں صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ اور سانحۂ سیاچن کے سوگ کے دنوں میں پنجاب حکومت نے کلچرل میلہ منعقد کر کے بے حسی کی انتہا کر دی ہے اور اہل پنجاب کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں، جب آدھا پاکستان رو رہا تھا تو پنجاب حکومت مینار پاکستان کے سائے تلے ناچ گانے میں مصروف تھی، مہنگائی اور بھوک سے نڈھال عوام کو میلوں سے بہلایا نہیں جا سکتا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہاکہ عالمی ایجنڈے کے تحت قوم کو ناچ گانے پر لگایا جا رہا ہے، دینی طبقات مغربی و بھارتی تہذیب اور عریانی و فحاشی کے خلاف زوردار آواز اٹھائیں کیونکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت دینی اقدار اور اسلامی ثقافت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن میں جنرل پرویزمشرف کے قریبی ساتھیوں کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ ن جنرل پرویزمشرف کی روشن خیالی کی راہوں پر چل پڑی ہے، کبھی خواتین کی میراتھن ریس اور کبھی ناچ گانے کی محفلیں سجائی جا رہی ہیں اور قوم کا پیسہ میلوں ٹھیلوں پر اڑایا جا رہا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل بھارتی و مغربی ثقافت کو فروغ دینے کی ہر کوشش کا راستہ روکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش بند کی جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے پر سیاست کر کے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ آج تک بننے والے کمیشنوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی فسادات کروا کر پاکستان اور ایران کے تعلقات خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے تاکہ خطے میں پاکستان کو تنہا کر کے سامراجی مقاصد کی تکمیل کی جا سکے۔

سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی پر قبضہ کی جنگ بدامنی کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شکاریوں نے جمہوریت اور اقتدار کو اغواء کر لیا ہے۔ آئندہ الیکشن میں عوام خاندانی پارٹیوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت برداشت ختم ہو گئی ہے، حکمران اللہ کے عذاب سے ڈریں اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ علماء و مشائخ مسجد کے محراب سے ظلم اور استحصال کے خلاف آواز اٹھائیں اور انقلابِ نظامِ مصطفی کی جدوجہد کو تیزتر کریں کیونکہ بحرانوں میں گھرے ہوئے پاکستان کو نظامِ مصطفی ہی بچا سکتا ہے۔

اجلاس سے علامہ محمد شریف رضوی، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مفتی محمد اقبال چشتی، پیر محمد اطہر القادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، طارق محبوب، محمد عثمان لودھی، مولانا منظور عالم سیالوی، مفتی محمد سعید رضوی، محمد نواز کھرل، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی، صاحبزادہ سید وسیم الحسن نقوی، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مولانا قاری فیض بخش رضوی، احسان الحق اسد، ملک احمد خان بھچر اور الحاج سرفراز تارڑ نے بھی شرکت کی۔ 

خبر کا کوڈ : 156263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش