0
Sunday 6 May 2012 16:45

نواز لیگ نیٹو سپلائی ایشو پر امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتی، حمید گل

نواز لیگ نیٹو سپلائی ایشو پر امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتی، حمید گل
اسلام ٹائمز۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے روح رواں جنرل (ر) حمید گل نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ بھی امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتی وہ حکومت مخالف جلسے تو کرتی ہے لیکن نیٹو سپلائی کے ایشو پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھی ہوئی جماعتیں قومی امنگوں کے بجائے ذاتی مفادات کی سیاست کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی وقار سب سے زیادہ عزیز ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ نیٹو سپلائی کسی صورت بھی بحال نہ ہو۔

جنرل (ر) حمید گل نے کہا کہ اگر حکومت نے نیٹو سپلائی کو بحال کر دیا تو اسکو ہم طاقت سے روکیں گے اور ملک گیر سطح پر احتجاجی دھرنے شروع ہو جائیں گے اور ہو سکتا ہے ملک بھر میں خودکش حملوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے۔ جنرل حمید گل نے کہا کہ نواز لیگ اپوزیشن کی سیاست ضرور کرئے, لیکن اسے ملکی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے, جو موجودہ حالات میں ادا نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سیاسی جماعتیں اقتدار کے حصول کے لئے سب کچھ کرنے پر تیار ہو جاتی ہیں، نواز لیگ ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے معاملہ پر صرف باتیں کرتی ہے, عملی طور پر کچھ نہیں کر رہی۔ حافظ سعید کے معاملے میں حمید گل کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ان پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں جن کے اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ حمید گل نے کہا کہ ہم سوچ رہے ہیں کہ امریکہ کے خلاف عالمی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ کر دیں کیونکہ حافظ سعید ایک فلاحی اور سماجی شخصیت ہیں اور ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

حمید گل نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے قیام کا مقصد بھی پاکستان کا حقیقی معنوں میں دفاع کرنا ہے، ہم ملک کی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے غلام حکمرانوں نے ملک امریکہ کے سامنے گروی رکھ دیا ہے اور آج 64 برس بعد بھی ہم گوروں کے غلام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کیونکہ ہماری نوجوان نسل باشعور ہے اور محب وطن بھی ہے، وہ زمام اقتدار خود سنبھالے گی اور میں امریکہ کو بے آبرو ہو کر ایشیا سے نکلتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 159436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش