0
Tuesday 8 May 2012 23:48

آخری حد تک لڑونگا، ڈرا دھمکا کر کوئی استعفٰی نہیں لے سکتا، وزیراعظم گیلانی

آخری حد تک لڑونگا، ڈرا دھمکا کر کوئی استعفٰی نہیں لے سکتا، وزیراعظم گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن انھیں ہٹانا چاہتی ہے تو کشتیاں جلا کر میدان میں آئے۔ ڈرانے دھمکانے سے کہیں نہیں جاؤں گا۔ لندن جاتے ہوئے وزیراعظم نے طیارے میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ اقتدار سے چمٹے رہنا نہیں چاہتے، لیکن وہ غیر آئینی طریقے سے جائیں گے بھی نہیں، وہ آخری حد تک لڑیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انھیں ہٹانے کی کوشش اس لئے ہو رہی ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت پانچواں بجٹ نہ پیش کر سکے۔ نواز شریف کو خطرہ ہے اسمبلیوں سے استعفی دیا تو پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آجائے گی۔ انہون نے کہا نواز شریف میں ہمت ہے تو پنجاب حکومت چھوڑ کر اور اسمبلیوں سے مستعفٰی ہو کر تحریک چلائیں۔
 
انھوں نے نواز شریف اور عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ ان کے خلاف ملکر تحریک چلائیں۔ وزیراعظم اپنے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، برطانوی کابینہ کے ارکان، تاجروں اور صحافیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم برٹش پاکستان فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور کمیونٹی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کی جانب سے پاکستان ہائی کمیشن کے قونصل ہال کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ کابینہ ارکان اور پارلیمنٹرینز سمیت اعلٰی سطح وفد وزیراعظم کے ہمراہ دورہ پر جائے گا۔ وسیع تر اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے پہلے سربراہ اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک 2015ء تک تجارتی ہدف 2.5 ارب ڈالر تک لے جانے کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے روڈ میپ کے اجراء کا بھی آغاز کریں گے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ڈرا دھمکا کر مجھ سے استعفٰی نہیں لیا جا سکتا، شفاف ٹرائل میرا حق ہے۔ برطانیہ پہنچنے سے قبل طیارے میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ تمام آئینی آپشنز استعمال کرینگے ،فیصلہ آنے سے پہلے الیکشن کمیشن کی تقرری کیلئے مشاورت کی، ن لیگ کسی خاص وجہ پر الیکشن کمشنر کا تقرر نہیں چاہتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام باشعور ہیں، کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی گنجائش نہیں، سرائیکی صوبے کی آواز دبانے سے ملک بھر میں احتجاج شروع ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سینیٹ انتخابات اور اب بجٹ رکوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ن لیگ وفاق کی اکائی کی حیثیت سے بغاوت نہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 160165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش