0
Thursday 24 May 2012 23:44

پاکستان اور افریقی ممالک میں تجارتی فروغ کے لئے ایسوسی ایشن کا قیام

پاکستان اور افریقی ممالک میں تجارتی فروغ کے لئے ایسوسی ایشن کا قیام
اسلام ٹائمز۔ افریقی ممالک کے سفیروں نے پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افریقی خطے کے درمیان موجودہ تجارت بہترین تعلقات کی عکاس نہیں۔ افریقی ممالک کے سفیران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنی نوعیت کے منفرد اور پہلے "افریقہ شو" کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصر شیخ، لاہور چیمبر کے سابق صدور شاہد حسن شیخ اور ظفر اقبال چودھری اور پاک افریقہ بزنس پروموشن کمیٹی کے کنوینر ظفر محمود نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔
 
افریقی ممالک کے سفیروں میں کینیا کی ہائی کمشنر اور ڈین آف افریقن ایمبیسڈرز گروپ مسز مشی ماسیکا مواتساہو (Mishi Masika Mwatsahu)، الجیریا کے سفیر احمد بینفلس (Ahmed Benflis)، تیونس کے سفیر مراد بورچلا (Mourad Bourchla)، مصر کے سفید سید محمد السید ہندم (Said Mohamed Elsaid Hindam)، سوڈان کے سفیر الشفائی احمد محمد الطاہر (Alshafie Ahmed Mohamed el Tahir)، لیبیا کے سفیر عبدالسلام مہدی علی الرقصی (Abdelsalam Mahdi Ali Al-Rqxi)، ماریشس کے ہائی کمشنر دیپک پربھا کرگو کلسنگ (Deepak Prabhakar Gokulsin)، ساﺅتھ افریقہ کے ہائی کمشنر کرنل عمران حیدر، صومالیہ کے سفیر علی شیخ عبداللہ، نائجیریا کے ہائی کمشنر گریما گارباساٹم (Grema Garba Satom) اور عمان کے سفیر محمد بن سید بن محمد ال لاواتی شامل تھے۔
 
ااس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے افریقی ممالک کے سفیروں نے کہا کہ اب ہمیں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے کیونکہ ترقی یافتہ دنیا ایشیاء اور افریقہ کی ترقی میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ افریقی سفیروں نے افریقہ پاکستان فرینڈ شپ اینڈ بزنس ایسوسی ایشن کے قیام کا اعلان کیا جس میں افریقی خطے کے ہائی کمشنرز اور لاہور چیمبر کے تین نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ایسوسی ایشن افریقہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا بھر پور فعال کردار ادا کرے گی۔
 
ڈین آف افریقن ایمبیسڈرز اور کینیا کی ہائی کمشنر مشی ماسیکا مواتساہو نے کہا کہ اُن کاروباری افراد کے لیے فوری ویزا جاری کیا جائے گا، جن کی سفارش لاہور چیمبر کرے گا جبکہ مصر اور نائجیریا کے سفیروں نے لاہور چیمبر کو ایک سالہ ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا۔ 

لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ افریقہ ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری اور تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان تجارت بڑھ رہی ہے لیکن یہ تسلی بخش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، زراعت، ہیوی انجینئرنگ، بینکنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں افریقی ممالک پاکستان کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ 

مشی ماسیکا مواتساہو اور لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ نے مشترکہ طور پر افریقن کیٹلاگ شو کا افتتاح کیا۔ مزید برآں گورنر پنجاب لطیف خان کھوسہ نے بھی سفیروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ انہوں نے منفرد شو منعقد کرنے پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو مبارک دی۔
خبر کا کوڈ : 165182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش