0
Thursday 24 May 2012 14:57

پاکستان اور ایران باہمی تجارت کا حجم دس ارب ڈالر تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ایرانی سفیر

پاکستان اور ایران باہمی تجارت کا حجم دس ارب ڈالر تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ایرانی سفیر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں ایران کے سفیر علی رضا حاجیان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران باہمی تجارت کا حجم دس ارب ڈالر تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن اس کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، بجلی اور گیس کے پراجیکٹس کے منصوبوں پر کام جاری ہے جن سے پاکستان میں توانائی کی ضرورت پوری ہو گی۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ، لاہور میں ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی اور لاہور چیمبر کے سابق صدر محسن رضا بخاری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو باہمی روابط بڑھانے چاہئیں تاکہ وہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں، پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت برادرانہ تعلقات کی عکاس نہیں، دونوں ممالک کو سنگل کنٹری نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کو تجارتی معلومات کا تبادلہ کرنا چاہیے جس سے تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو ایران کے زراعت، لائیوسٹاک اور گارمنٹس کے شعبوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصر شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زو ردیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے باہمی تجارت ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جسے دس ارب ڈالر تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کا توازن ایران کے حق میں ہے جسے برابری کی سطح پر لانا چاہیے، مقامی کرنسی میں تجارت دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس پہلے ہی مقامی کرنسی میں کامیابی سے تجارت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو گوشت کی برآمد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں پر کام جاری ہے جو بہت اطمینان بخش بات ہے، ڈیری سیکٹر میں بھی دونوں ممالک مشترکہ منصوبہ سازی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات کو بھی مستحکم کرے گا، ایران سے بجلی درآمد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس پر عمل درآمد بجلی کا بحران حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 165060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش