0
Friday 25 May 2012 23:46

قوم کو سبز باغ دکھانا ہند نواز سیاستدانوں کی روایت رہی ہے، میر واعظ

قوم کو سبز باغ دکھانا ہند نواز سیاستدانوں کی روایت رہی ہے، میر واعظ

اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی تاریخی جامع مسجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد برآمد ہونے والے جلوس میں شامل لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ قوم کو سبز باغ دکھانا ہند نواز سیاستدانوں کی روایت رہی ہے، انہوں نے مذاکراتکاروں کی رپورٹ کو نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کیلئے بھی چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سفارشاتی رپورٹوں کی بناء پر حل نہیں کیا جاسکتا، حریت کانفرنس (ع) کے ہفتہ شہادت کے پروگرام کو طاقت اور تشدد کے بل پر بند کرنے کے سرکار کی آمرانہ اور بغض و عناد پر مبنی رویے کو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے میر واعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ قدغنیں، گرفتاریاں، تشدد اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے ہم کسی بھی صورت میں مرعوب نہیں ہونگے۔
 
حریت رہنماء نے کہا کہ ہمارے پرامن پروگرام کو جس طرح جمہوریت کے دعویداروں نے طاقت کے بل پر بند کیا، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا، تاریخی میرواعظ منزل کے تقدس کو زک پہنچائی اور اس تاریخی عمارت میں موجود نادر مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی کوشش کی وہ حد درجہ قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ میرواعظ منزل سے مسلمانان کشمیر کی جذباتی اور والہانہ وابستگی کے ساتھ ساتھ یہ تحریک کشمیر کا مرکز بھی ہے اور اس کے در و دیوار گواہ ہیں کہ 1391  میں اسی تاریخی میرواعظ منزل سے مہاجر ملت نے تحریک آزادی کشمیر کا نعرہ بلند کیا اور یہیں عوام کی سیاسی اور مذہبی حقوق کی تحریکوں نے جنم لیا۔

میر واعظ نے کہا کہ تحریک آزادی کے رہنماﺅں نے قوم کو کبھی بھی سبز باغ نہیں دکھائے، مہاجر ملت میر واعظ کشمیر مولوی محمد یوسف شاہ نے ہجرت اور شہید ملت میر واعظ کشمیر مولوی محمد فاروق نے شہادت قبول کی اور اپنے موقف پر آخری دم تک ڈٹے رہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو مار دھاڑ، گرفتاریوں اور ظلم و تشدد پر مبنی رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر عوامی مجلس عمل کو تحریک آزادی کشمیر کے ہر اول دستے کا اعزاز حاصل ہے اور اس جماعت سے وابستہ لوگوں کو طاقت اور تشدد سے نہیں ڈھایا جاسکتا۔
 
اسلام اور آزادی کے حق میں نعروں کی گونج کے دوران میرواعظ نے اعلان کیا کہ حریت کانفرنس شہدائے کشمیر کے مقدس مشن کی امین ہے اور اس مشن کو منطقی انجام تک ہر صورت میں جاری رکھا جائیگا، انہوں نے کہا کہ حق و انصاف پر مبنی جدوجہد میں اس قوم نے جہاں اپنی جانوں، مال و جائیداد اور عصمتوں کی قربانی پیش کی ہے وہیں اس قوم کی قیادت نے ہرسطح پر قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے اور اپنی قربانیوں کی امین اس قوم کو ظلم و جبر کے ہتھیاروں سے جھکایا نہیں جاسکتا۔

خبر کا کوڈ : 165410
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش