0
Saturday 26 May 2012 00:08

نیٹو سپلائی کی بحالی سے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، مولانا عبدالغفور حیدری

نیٹو سپلائی کی بحالی سے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، مولانا عبدالغفور حیدری
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ شکاگو کانفرنس تاریخ کی ناکام ترین کانفرنس رہی ہے۔ دنیا کو جو امیدیں وابستہ تھیں، وہ ان پر پورا اتر نہ سکی۔ نیٹو سپلائی کی بحالی سے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ بلوچستان میں جمود کے خاتمے کے لئے ۲۸ مئی کو قلات میں اسلام زندہ کانفرنس منعقد ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے ہاسٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک سکندر ایڈووکیٹ، مولانا عطاء اللہ، میر حشمت لہڑی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ شکاگو کانفرنس سے دنیا نے توقعات وابستہ کررکھی تھیں وہ ان پر پورا نہیں اتر سکی۔ افغانستان کے حوالے سے کوئی بھی بات نہیں کی گئی۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نام نہاد جنگ میں اپنا سب کچھ لگا دیا لیکن کچھ نہیں حاصل ہوا بلکہ چالیس ہزار شہری مارے گئے اور پاکستان کو معاشی مسائل سے دوچار ہونا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی سے پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ پارلیمنٹ کی قرارداد اور فیصلوں کی توہین ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلہ پر وفاق نے کھبی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، صرف ہاتھ جوڑنے اور معافی مانگنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ جب تک کہ عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اغواء نما گرفتاریاں، مسخ شدہ لاشیں اور سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کے باعث بلوچستان کی قوم پرست جماعتیں انڈر گراونڈ ہو چکی ہیں۔ بلوچستان میں جمود کی فضاء قائم ہے۔ جسے ختم کرنے کے لئے ۲۸ مئی کو قلات میں اسلام زندہ باد کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جس میں بلوچستان بھر سے قافلوں کی صورت میں لوگ شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کوئٹہ سے ہزاروں گاڑیاں قافلے کی صورت میں روانہ ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 165466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش