0
Tuesday 5 Jun 2012 19:36

مینار پاکستان پر ٹینٹ لگانے سے عوام کی حالت نہیں بدلے گی، قمر زمان کائرہ

مینار پاکستان پر ٹینٹ لگانے سے عوام کی حالت نہیں بدلے گی، قمر زمان کائرہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے واضح کیا ہے کہ شریف برادران کے غیر جمہوری عمل سے جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے، مینار پاکستان پر کیمپ لگانے سے عام آدمی کی حالت تبدیل نہیں ہو گی، سیاسی کیسز سیاسی میدان میں لڑے جائیں، عدلیہ کو متنازع بنانے کی کوشش نہ کی جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) فرسٹریشن کا شکار ہو گئی ہے، کوئی جماعت ان کے ساتھ نہیں، صوبائی حکومت کا وفاق کے خلاف احتجاج کی کالیں دینا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف 90 کی دہائی والی سیاست اختیار کئے ہوئے ہیں، نواز شریف کا یہ کہنا غلط ہے کہ وہ مراعات نہیں لیں گے، 3 ماہ پہلے ہی انہوں نے اپنے استعمال میں وفاق کی فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑی کا 28 لاکھ روپے کا بل بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران بلٹ پروف گاڑیاں استعمال کرتے ہیں اور ان کی سکیورٹی پر 1500 اہلکار مامور ہیں۔

قمر الزمان کائرہ نے ایک سوال پر کہا کہ 18 ویں ترمیم میں نفرتیں ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں اور وہ اقدامات کئے گئے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، این ایف سی کے ذریعے صوبوں کے مابین بجلی اور گیس کی تقسیم کا بھی فارمولہ طے پایا اور کئی متنازعہ ایشوز حل ہوئے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نوازشریف چاہتے ہیں کہ کوئی غیر جمہوری عمل کرکے جمہوریت کو ڈی ریل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت سندھ کی تقسیم نہیں چاہتی، وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید تھا کہ مینار پاکستان پر ٹینٹ لگانے سے عوام کی حالت نہیں بدلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ای او بی آئی میں رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمہوری حکومت میں میڈیا کو جو آزادی حاصل ہے وہ ماضی میں کبھی نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں لڑائی نہیں ڈائیلاگ ہونے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 168452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش