0
Friday 15 Jun 2012 22:55

امت مسلمہ حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی سیرت عالیہ پر عمل پیرا ہو، علامہ ساجد نقوی

امت مسلمہ حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی سیرت عالیہ پر عمل پیرا ہو، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ سربراہ شیعہ علماء کونسل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امام موسی کاظم علیہ السلام نے اپنے جد امجد پیغمبر گرامی ص کے عمل و کردار کو اپناتے ہوئے جب یہ محسوس کیا کہ اس وقت کی منحرف قوتیں دین اسلام کے عقائد و نظریات کو مسخ کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں تو آپ نے ان قوتوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے میں ذرا بھی تامل سے کام نہیں لیا چنانچہ انہیں اس عمل کی پاداش میں کئی سال قید و بند کی صعوبتوں سے دوچار کیا گیا اور بالآخر امام برحق کی شہادت بھی انہی تکالیف کو برداشت کرتے ہوئے ہوئی۔

ساتویں تاجدار امامت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اسلام کی بقاء اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لئے جیل کی تاریک کوٹھڑیوں میں جانا ہمارے ائمہ اہل بیت ع کا شیوہ اور طریق رہا ہے اور حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ وہ سب سے زیادہ عرصہ جیل کی تاریک کوٹھڑیوں میں قید رہے لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور حکمرانوں کو اسلام کا چہرہ مسخ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ طویل عرصہ قید کا انجام بھی آپ کی شہادت پر ہوا لیکن آپ نے ظالم اور فاسق حکمرانوں کے سامنے جھکنا قبول نہ کیا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آج بھی اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں پوری قوت کے ساتھ اسلامی دنیا کے خلاف متحد ہو کر دین اسلام کے حقائق کو بگاڑنے اور اسکی تہذیب و ثقافت اور اقدار کو مسخ کرنے کے لئے مسلسل سازشیں کر رہی ہیں جس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا دنیا بھر کے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی سیرت عالیہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اسلام کے تحفظ‘ اسلامی اقدار کے احیاء اور فروغ اور دشمنان اسلام کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے جدوجہد کریں اور اپنے داخلی اتحاد کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں۔ اگر اس راستے میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں اور موت کو گلے لگانا پڑے تو اس کے لئے آمادہ رہیں کیونکہ مشکلات اور شہادت ہی قوموں کے عروج کا سبب ہوتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 171510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش