0
Monday 18 Jun 2012 14:58

گلگت بلتستان کی ترقی پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے، مہدی شاہ

گلگت بلتستان کی ترقی پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے، مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے  اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1974 میں گلگت بلتستان سے ایف سی آر کا خاتمہ کرکے موجودہ نظام اور ترقیاتی اصلاحات کا نفاذ کیا اور غریب کسانوں کو مالیہ سے آزاد کرا کے گلگت و سکردو کے علاوہ تین نئے اضلاع دیامر، غذر اور گانچھے کا قیام عمل میں لایا اور آج ریسکیو 1122 جیسے اہم ادارے کا قیام عمل میں لا کر گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش چیلنجز کے خاتمے کی جانب پیش قدمی کا آغاز کر دیا ہے۔ لاہور میں ریسکیو 1122 کے ریکروٹس کی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے حساس و قدرتی آفات سے پر خطر خطے میں مددگار ہنگامی خدمات یعنی ریسکیو 1122 جیسے ادارے کا قیام عملی طور پر عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے۔ 

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے پہلے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر ایف سی آر کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اصلاحات کے ذریعے سکولوں، ہسپتالوں اور سڑکوں کا جھال بچھانے کا آغاز کیا اور آج گلگت بلتستان میں جتنی بھی ترقی نظر آتی ہے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ مجھے اچھی طرح یاد ہے جب 2010 کے تباہ کن سیلاب سے گلگت بلتستان میں سینکڑوں قیمتی جانوں کا نہ صرف نقصان ہوا ہے بلکہ اربوں روپے کے قیمتی سرکاری اور نجی املاک بھی بری طرح تباہ و برباد ہوئے جن کی ازسر نو تعمیر و بحالی پر اربوں روپے خرچ کئے گئے اور سب سے زیادہ اذیت ناک لمحات وہ تھے جب ان قدرتی آفات میں لوگوں کو ہنگامی طور پر مدد کیلئے اس وقت ایسا کوئی ادارہ نہیں تھا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان سسمک ذون میں واقع ہونے اور آبادی دشوار نالوں اور دیہاتوں میں زیادہ فاصلہ ہونے کی وجہ سے آئے دن آسمانی بجلی سیلابوں اور زلزلوں و حادثات سے نقصانات کا خدشہ بہت زیادہ ہے۔ جبکہ گیاری میں برفانی تودے کی ذد میں آکر ہماری فوج کے 139 قیمتی جانوں اور اثاثوں کا نقصان ہوا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ ہم نے برسر اقتدار آکر ہنگامی خدمات کی بہم رسائی کے ادارے کے قیام کے بارے میں ضرورت محسوس کیا جو آج ریسکیو 1122 کی صورت میں گلگت اور سکردو کے شہروں میں عمل میں لایا گیا ہے اور ریسکیو 1122 ایک ایسا موثر نظام کار ہے۔ جو قدرتی آفات حادثات اور ہنگامی حالات میں فوری ممکنہ مدد پہنچا سکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ ہماری حکومت نے ریسکیو 1122 کے قیام کیلئے 23 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے اور اس ادارے کو مضبوط اور فعال بنایا جاے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے پنجاب ریسکیو بالخصوص ڈاکٹر رضوان نصیر کے تعاؤن کر سراہا۔
خبر کا کوڈ : 172131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش