0
Sunday 17 Jun 2012 22:33

شیطانی قوت امریکہ کی مداخلت کو اس ملک سے اکھاڑ پھینکیں گے، مولانا سمیع الحق

شیطانی قوت امریکہ کی مداخلت کو اس ملک سے اکھاڑ پھینکیں گے، مولانا سمیع الحق
اسلام ٹائمز۔ ہمارے مقاصد طویل اور عزائم بلند ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ امریکہ کو رسد بحال نہ کی جائے، ڈرون حملے بند ہوں، امریکی مداخلت اور شیطانی قوت کو اس ملک سے اکھاڑ پھینکنا ہمارے مقاصد میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے لال مسجد اسلام آباد میں منعقدہ دفاع پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کنوئیں سے کتا نہ نکالا جائے کنواں پاک نہیں ہوگا۔ جلسوں جلوسوں سے منزل حاصل نہیں ہو سکتی۔ 31 سال سے افغانستان اور 65 سال سے فلسطینی جدوجہد کر رہے ہیں۔ افغانستان اور عراق میں قربانیاں دی جا رہی ہیں۔ غلامی سے آزادی کی جنگ سلطان ٹیپو کے بعد کسی سیاستدان نے نہیں لڑی۔

دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 1910 سے 2010 ایک سو سال میں بہت سی سامراجی طاقتیں روبہ زوال ہوئیں۔ برطانوی استعمار جس کی سلطنت میں سورج غروت نہ ہوتا تھا۔ 1974 میں اس کا بوریا بستر گول کر دیا گیا۔ حکمران اور سیاستدان استعماری طاقتوں کے ساتھی تھے، یہ جنگ عوام نے لڑی۔ اسی طرح روس کے ساتھ طالبعلم اور علماء میدان میں نکلے۔ سو سالوں میں تین بڑی استعماری طاقتیں تباہی و بربادی سے ہمکنار ہوئیں۔ دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میمو گیٹ اسکینڈل میں غداری ثابت ہونے کے بعد سب کو سانپ سونگ گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان، نواز شریف اور فضل الرحمان کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر امریکی ڈرون کے خلاف جدوجہد کریں میں آپ کے سپاہی کے طور پر کام کروں گا۔

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ میں فوج سے ناراض ہوں، فوج اپنی طاقت استعمال کرتے ہوئے ڈرون کیوں نہیں گراتی۔ حکمرانوں کے ہاتھ پائوں کیوں نہیں باندھے جاتے۔ ہم پر الزام ہے کہ ہم پارلیمنٹ کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ لیکن امریکہ تو صبح شام ڈرون حملے کرکے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجا رہا ہے۔ جمہوریت کی پارلمینٹ کی تذلیل کی اور اداروں کے پڑخچے اڑائے۔ دفاع پاکستان کونسل کی جدوجہد سے رائے عامہ کو بیدار کیا گیا جو جہاد کے زمرے میں آتا ہے۔ امریکہ صرف دفاع پاکستان کونسل سے تلملا رہا ہے۔ وہ مسلح افواج اور پارلیمنٹ سے خوفزدہ نہیں ہے۔نجات کا راستہ یہ ہی ہے کہ ہم سب مل کر درندوں کو نکال باہر کریں اور یہاں اللہ کا نظام نافذ کریں۔
خبر کا کوڈ : 172146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش