0
Sunday 20 Dec 2009 10:10

مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی،بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے ذریعے جذبہ آزادی ختم نہیں کر سکتی،وزیراعظم گیلانی

مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی،بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے ذریعے جذبہ آزادی ختم نہیں کر سکتی،وزیراعظم گیلانی
اسلام آباد:وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی سکیورٹی فورسز مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتیں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم رہے گا اور وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ ہفتہ کو وزیراعظم ہاوس میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 44 ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں کشمیر کونسل کے 6755.555 ملین روپے کے سالانہ متوازی بجٹ اور 5000.127 ملین روپے کے گزشتہ سال کے نظرثانی شدہ میزانیہ کی منظوری دی گئی۔ بجٹ اجلاس کی صدارت کونسل کے چیئرمین یوسف گیلانی نے کی۔ کشمیر کونسل سیکرٹریٹ کے انچارج وفاقی وزیر منظور وٹو نے بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کونسل کے ارکان سے مشاورت اور مذاکرات کر کے تمام معاملات طے کئے جائیں گے۔ آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم نے کشمیر کونسل سے متعلقہ حل طلب معاملات کے لئے الگ جلاس بلانے کی تجویز پیش کی۔ جس پر وزیراعظم پاکستان نے اثبات میں جواب دیا۔ اپنے خطاب میں یوسف گیلانی نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی خطے کے ماحول کو بگاڑنے میں آگے نہیں رہا۔ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن عمل اور جامع مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے تاہم مذاکرات نتیجہ خیز ہونے چاہئیں کیونکہ عام تصفیہ طلب تنازعات پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دنیا کے قدیم اور پرانے مسئلہ کے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ آزاد جموں و کشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر و ترقی،متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ گیلانی نے کہا کہ اگلے مالی سال کے کشمیر کونسل کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر ہمارا بازو اور ساری ریاست جموں و کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔بجٹ میں نارووال میں  200 کشمیری خاندانوں کیلئے کالونی بنانے کی بھی منظور دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم یوسف گیلانی سے نو منتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر یوسف گیلانی نے مہدی شاہ سے کہا ہے کہ ترقی پالیسی بنانے اور عملدرآمد کے وقت پورے گلگت بلتستان کو سامنے رکھیں اور عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔وزیراعظم نے مہدی شاہ کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

خبر کا کوڈ : 17270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش