0
Sunday 24 Jun 2012 00:52

امام حسین ع کی سیرت عالیہ پر عمل پیرا ہوکر پوری دنیا کو اسلام کے پرچم تلے جمع کیا جاسکتا ہے، علامہ ساجد نقوی

امام حسین ع کی سیرت عالیہ پر عمل پیرا ہوکر پوری دنیا کو اسلام کے پرچم تلے جمع کیا جاسکتا ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کی ذات اقدس عالم انسانیت کے لئے منبع رشد و ہدایت اور سرچشمہ کردار و عمل ہے۔ آپ ع نے گناہ آلود معاشرے کو دینی اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعے اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے لہو رنگ جدوجہد کی۔ آج بھی آپ کی سیرت عالیہ پر عمل پیرا ہوکر پوری دنیا کو اسلام کے پرچم تلے جمع کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر ایک محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام ع کے ساتھ پیغمبر گرامی ص کی محبت و وابستگی آپ ص کی احادیث مبارکہ سے عیاں ہوتی ہے کیونکہ آپ ص نے امام حسین ع کو اپنے آپ سے اور اپنے آپ کو امام حسین ع سے قرار دیا ہے اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام حسین علیہ السلام کا تعلق کس قدر راسخ ہے۔ علامہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امام حسین ع کی حیات مبارکہ میں رسول معظم ص کے اکتساب کا فیض ملتا ہے۔ آپ ع نے مکتب نبوت اور مکتب ولایت کی تعلیم اپنے طاہر و اطہر گھرانے سے حاصل کرکے نبوت و ولایت کے پیروکاروں کو اس انداز میں پہنچائی کہ آج اگر کوئی مسلمان سیرت محمدی ص اور سیرت علوی ع کا نمونہ دیکھنا چاہے تو اسے امام حسین ع کی ذات و کمالات کا مطالعہ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیائے عالم کی حریت و استقلال پر مبنی تحریکوں نے تحریک کربلا کی بدولت درس حریت حاصل کیا اور تحریک کربلا کا محوری نقطہ امام حسین ع کی لازوال شخصیت ہے۔ جنہوں نے نہ صرف اس دور کی یزیدی قوتوں بلکہ ہر دور کی باطل قوتوں پر واضح کردیا کہ ظالموں اور جابروں کے خلاف حسینیت ع کی قوت و طاقت سے ابدی حد فاصل کھینچی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عباس ابن علی ع دنیا میں وفا شعاری اور جانثاری کا اعلی نمونہ تھے۔ جس طرح امیر المومنین علی ابن ابی طالب ع نے پیغمبر گرامی ص کے ساتھ وفا شعاری کی داستانیں رقم کیں اسی طرح حضرت عباس علیہ السلام نے نواسہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ وفا اور محبت کے تمام تقاضے پورے کئے۔
 
انہوں نے کہا کہ حضرت عباس علیہ السلام کی شخصیت جبر و آمریت اور ظلم و بربریت کے خلاف قیام کا استعارہ ہے اور حق پرستوں اور وفا شعاروں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ اور روشنی کا مینار ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ خاندان رسالت ص کے ہر فرد کا اسوہ رہتی دنیا تک نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سامان فراہم کرتا رہے گا کیونکہ خانوادہ عصمت و طہارت نے دین اسلام اور عالم انسانیت کے تحفظ، استحکام اور بقاء کے لئے نامساعد حالات اور کٹھن مراحل کی پرواہ کئے بغیر ہر دور میں اپنی سیرت اور عمل و کردار کے ذریعہ ایسے انمٹ نقوش چھوڑے جو آج بھی سسکتی اور بھٹکتی ہوئی انسانیت کی نجات کا سامان فراہم کر رہے ہیں۔ 

سربراہ شیعہ علماء کونسل نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ امام حسین ع کے آفاقی، الہی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل حل کرے کیونکہ امت مسلمہ حسینیت ع کے مقدس، پاکیزہ اور مبنی بر صداقت نظریہ کو ترک کرنے کی وجہ سے آج مصائب و مشکلات کے دام میں گرفتار ہے اور لادین نظریات کے حامل افراد نے اسلامی معاشرے پر تسلط قائم کر رکھا ہے۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ حسینیت ع کو رہنماء مانتے ہوئے اسلامی معاشرے اور پوری دنیا کے یزید صفت عناصر کا مقابلہ کیا جائے اور حسینیت سے رہنمائی لیتے ہوئے سیرت نبوی اور نظام علوی نافذ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 173655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش