0
Monday 28 Dec 2009 10:57

مظفر آباد میں امام بارگاہ پر خودکش حملہ،7 اہلکاروں سمیت 12شہید

مظفر آباد دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی
مظفر آباد میں امام بارگاہ پر خودکش حملہ،7 اہلکاروں سمیت 12شہید
مظفر آباد:آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں شیخ زید اسپتال کے قریب امام بارگاہ کے مرکزی گیٹ پر خودکش حملے میں12  افراد شہید اور 81 زخمی ہو گئے۔10زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ۔شہید ہونے والوں میں7پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام پونے 6 بجے کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر وہاں تعینات پولیس اہلکاروں اور رضا کاروں کے روکنے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔جس سے 7 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید جبکہ 81 زخمی ہو گئے جنہیں شیخ زید اسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں 10 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر مظفر آباد چوہدری امتیاز نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظفر آباد خودکش حملے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔حملہ آور نے تلاشی پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔امام بارگاہ کے منتظم اعلیٰ علامہ کفایت حسین نقوی کے مطابق ماتمی جلوس جب امام بارگاہ میں پہنچا تو خودکش حملہ آور جلوس میں شامل ہو گیا۔جلوس میں موجود رضا کاروں نے اسے پہچان لیا اور روکنے کی کوشش کی تو اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے 7 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید ہو گئے۔دھماکے سے انسانی اعضاء دور دو تک بکھر گئے۔ آزاد کشمیر کے وزیر ہاﺅسنگ مرتضیٰ گیلانی نے بھی 10 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان،صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین،وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی،آصف علی زرداری، وزیر داخلہ رحمن ملک،امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن،میاں محمد نواز شریف،شہباز شریف اور عمران خان نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے فوری طور پر واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔دھماکے سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور ایک میڈیکل اسٹور اور کئی گاڑیاں مکمل طو ر پر تباہ ہو گئیں۔دھماکے کے فوراً بعد امام بارگاہ کو پولیس اور فوج نے گھیرے میں لے کر کنٹرول سنبھال لیا۔ذرائع کے مطابق پاک فوج نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ضلعی انتظامیہ بھی موقع پر پہنچ گئی۔تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔دھماکے کے بعد شہر کی بجلی منقطع ہو گئی۔ادھر وزیر اعظم سید یوسف گیلانی نے اتوار کی شام وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان
سے رابطہ کیا اور مظفر آباد خودکش دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم پاکستان نے خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کے لئے 5،5لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا۔
مظفرآباد،امام بارگاہ کے باہر خودکش حملہ،فائرنگ،3 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق
مظفر آباد،کراچی:آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ایک امام بارگاہ کے داخلی دروازے پر خودکش حملے میں 3پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 81زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت وقفے وقفے سے فائرنگ بھی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سی ایم ایچ کے قریب پونے چھ بجے کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کے روکنے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے وقت امام بارگاہ میں مجلس ہو رہی تھی،ڈپٹی کمشنر مظفر آباد چودھری امتیاز نے کہا کہ مظفر آباد خودکش حملے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔دھماکے سے قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور ایک میڈیکل سٹور مکمل طور پر تباہ ہو گیا،دھماکے کے بعد شہر کی بجلی منقطع ہو گئی۔ہر طرف چیخ و پکار سنی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر ہاﺅسنگ مرتضی گیلانی نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ میں 10 افراد جاں بحق اور 81 زخمی ہوئے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔زخمیوں کو سی ایم ایچ اور شیخ زاید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دھماکے کے بعد فوج نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق حملے کے وقت 2 ہزار سے زائد عزادار امام بارگاہ میں موجود تھے۔صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم یوسف گیلانی نے دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یوسف گیلانی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کیلئے 5،5لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے 1،1لاکھ روپے کا معاوضہ کا اعلان کیا۔نوازشریف،شہبازشریف، الطاف حسین نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
کراچی میں مسلسل دوسرے روز بھی اتوار کی شام ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 30 افراد زخمی ہو گئے،3 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی۔ کراچی میں منگھو پیر روڈ پر قصبہ موڑ کے قریب اتوار کی شب پونے سات بجے جس وقت دھماکہ ہوا وہاں
سے ایک ماتمی جلوس گزر رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے ایک گٹر کے اوپر نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے گٹر کا ڈھکنا اڑ گیا اور لوگوں کے زخمی ہونے کے علاوہ دو ٹیکسیوں میں آگ لگ گئی جو جل کر تباہ ہو گئیں۔ دھماکے سے بھگدڑ مچ گئی،بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ گیس کے اخراج سے ہوا ہے۔ مشتعل افراد نے نعرے بازی کرتے ہوئے پتھراﺅ اور توڑ پھوڑ شروع کر دی اس دوران سڑک پر ٹائر بھی جلائے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی،جبکہ دھماکے اور ہنگامہ آرائی کے باعث دکانیں اور ہوٹل وغیرہ بھی بند ہو گئے۔ این این آئی کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سی سی پی او کراچی وسیم احمد کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا۔انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شہر میں دہشت گردی کی پیشگی اطلاعات تھیں۔ الطاف حسین نے دھماکے کی مذمت کی ہے۔
 مظفر آباد دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی
مظفر آباد:گزشتہ روز مظفر آباد میں خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جناز ہ اد کردی گئی۔جاں بحق ہو نے والوں میں تین پولیس اہلکار اور چار عام شہری شامل ہیں۔زخمی ہونے والے 19 اہلکاروں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔پولیس لائن مظفر آباد میں پولیس اہلکاروں کی نماز جناز ہ میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔خودکش حملے میں شہید ہونے والے سات افراد کو انکے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق ہو نے والوں کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والو ں کے سوگ میں آج مظفر آباد میں تمام کاروباری مراکز بند رہے۔گذشتہ روز خودکش دھماکے میں اسی افراد زخمی ہوئے تھے جس میں بعض افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فارغ کر دیا گیا تھا لیکن اب بھی شیخ خلیفہ اسپتال میں بیالیس افراد زیرعلاج ہیں۔ پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے دو زخمیوں کو پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا تھا۔خودکش دھماکے کے بعد مظفر آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔جلوس کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ میٹل ڈی ٹیکٹر کے ذریعے بھی لوگوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ 




خبر کا کوڈ : 17546
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش