0
Monday 2 Jul 2012 15:16

کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس

کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس چیئرمین حریت سید علی گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں جملہ اکائیوں کے سربراہوں یا ان کی طرف سے بھیجے گئے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں گنڈ حسی بٹ لاوے پورہ میں پیش آئے سانحہ، آثار شریف خانیار کی آتش زدگی اور اُس کے بعد ہوئی اندھا دھند گرفتاریوں، علماء کی مناظرہ بازی، حریت راہنما خان سوپوری کے مکان کی ضبطی اور اسرائیلی سیاحوں کو وادی آنے کی ترغیب دینے کے حکومتی منصوبے جیسے اہم مسائل پر سیر حاصل بحث کی گئی اور آئندہ کی حکمت عملی کے سلسلے میں تجاویز پر تبادلہ خیالات کیا گیا، حریت کانفرنس نے غیور کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ لاوے پورہ، بانڈی پورہ اور ناربل میں پیش آئے قرآن سوزی کے واقعات کے خلاف 6 جولائی جمعة المبارک کو نماز کے بعد پُرامن مظاہرے کریں، علماءکرام جمعہ خطابات میں قرآن پاک کی عظمت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ترغیب دیں۔
 
حریت اجلاس میں کہا گیا کہ گنڈ حسی بٹ لاوے پورہ کا واقعہ اپنی نوعیت کا صرف ایک مہینے میں تیسرا واقعہ ہے، جب مسلمانوں کی مقدس اور آخری آسمانی کتاب قرآن مجید کی بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ توہین کی گئی ہے، اس سے قبل نارہ بل اور بانڈی پورہ میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعات رونما ہوئے اور یہ سارا سلسلہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد مسلمانوں کی دل آزاری کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں خلفشار اور افراتفری کا عالم برپا کرنا ہے، تاکہ کشمیریوں کی تحریکِ آزادی سے توجہ ہٹائی جائے اور لوگوں کی عظیم اور بے مثال قربانیوں کو پسِ منظر میں دھکیلا جائے، اجلاس میں کہا گیا کہ آثار شریف خانیار کی آتش زدگی اور قرآن پاک کی توہین ایک ہی سازش کی مختلف کڑیاں معلوم ہوتی ہیں جس میں بھارت کے پالیسی سازوں کا نادیدہ ہاتھ براہِ راست طور متحرک ہے، جموں کشمیر میں اسی قسم کا ایک تجربہ ساٹھ کی دہائی میں بھی آزمایا گیا تھا، جب بھارت کے انتہا پسند گروپوں نے یہاں پے در پے کئی بستیوں کو نذرآتش کرکے ایک ہیجانی اور اضطرابی ماحول قائم کردیا۔
 
مجلس شوریٰ میں کہا گیا کہ قرآن پاک کی توہین مسلمانوں کے لیے ایک ناقابل برداشت صدمہ ہے اور اس سازش کا ہر قیمت پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، مجلس شوریٰ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ قرآن پاک اور مساجد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور جہاں ممکن ہوا وہاں شابانہ گشت کا بھی اہتمام کیا جائے، 6جولائی جمعة البارک کو نماز جمعہ کے بعد پُرامن مظاہرے کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مجلس شوریٰ نے بھارت کے پالیسی سازوں کو خبردار کیا کہ اگر وہ ان گھناﺅنے عزائم سے باز نہیں آئے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے، سانحہ خانیار کی تحقیقات کے سلسلے میں سرکاری کمیشن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مجلس شوریٰ میں کہا گیا کہ جو لوگ اس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں وہ بالواسطہ اور بلاواسطہ طور حکومت کے ہی آلہ کار ہیں اور انُ کی ساری تگ ودو صرف ذاتی مفادات تک محدود ہے۔ مجلس شوریٰ میں کہا گیا کہ اس سانحہ کے بعد گام و شہر میں گرفتاریوں کا ایک تازہ چکر شروع کردیا گیا ہے اور پولیس کم عمر طالبعلوں کو گرفتار کرکے اُن کے خلاف تھانوں میں کیس درج کراتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 175884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش