0
Friday 6 Jul 2012 22:44

دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر نیٹو سپلائی بحالی کیخلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا

دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر نیٹو سپلائی بحالی کیخلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر نیٹو سپلائی بحالی کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، اس دوران مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکنان، طلباء، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے امریکہ اور نیٹو فورسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکہ و بھارت کے پرچم اور اوبامہ کے پتلے نذر آتش کئے گئے۔ 7 جولائی کو لاہور میں قومی سطح کی آل پارٹیز کانفرنس ہو گی جس میں دفاع پاکستان کونسل سمیت ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت شریک ہو گی۔ 8 جولائی اتوار کو لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا جائے گا، جماعۃ الدعوۃ کے تین ہزار سے زائد رضا کار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ آج اے پی سی میں نیٹو سپلائی بحالی کے خلاف چلائی جانے والی تحریک کے حوالہ سے اہم فیصلے کئے جائیں گے، ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، وکلاء، طلباء، تاجر تنظیموں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سبھی جماعتوں کو اس تحریک میں شامل کریں گے، دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ تاریخی نوعیت کا ہو گا، نیٹو سپلائی بحالی روکنے کیلئے پورے ملک میں جائیں گے۔ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں، جلسوں اور کانفرنسوں میں جماعۃالدعوۃ، جماعت اسلامی، جمعیت علماء اسلام (س)، اہلسنت والجماعت، جمعیت علماء اسلام (نظریاتی)، جمعیت اہلحدیث، جماعت اہلحدیث، پاکستان علماء کونسل، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ اور عوامی مسلم لیگ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور نیٹو فورسز کا ایک علاج الجہاد الجہاد، لاکھوں مسلمانوں کی قاتل نیٹو فورسز کیلئے سپلائی بحالی قبول نہیں، ڈرون حملے بزور بازو روکے جائیں اور امریکہ و نیٹو سے کئے گئے خفیہ معاہدے ختم کئے جائیں جیسی تحریریں درج تھیں۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کی اپیل پر مذہبی جماعتوں کے قائدین اور علماء کرام نے خطبات جمعہ میں عوام الناس کو امریکہ، بھارت اور نیٹو فورسز کی سازشوں سے آگاہ کیا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور مساجد کے باہر پرامن مظاہرے کئے گئے۔ امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں نماز جمعہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے خفیہ سازباز کر کے ملک دشمنی پر مبنی نیٹو سپلائی بحالی جیسے فیصلے قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو فورسز کی واپسی کی باتیں کر کے سپلائی بحال کرنے والے قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، ڈالروں کی خاطر ملکی و قومی مفادات کی دھجیاں بکھیرنے والے جلد ان شاء اللہ دنیا میں بھی ذلیل و رسوا ہوں گے، امریکہ واپس نہیں بلکہ اس خطہ میں اپنے قدم مزید مضبوط کر کے پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کرنا چاہتا ہے، امریکہ اور اس کے اتحادی گوادر پورٹ پر قبضہ کر کے وسط ایشیا تک راستے ہموار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں چاہتی ہیں کہ جماعتیں اور تنظیمیں تشدد پر اتر آئیں، لوگ غصے میں آ کر املاک کا نقصان کریں اور اللہ کے دشمنوں کے خلاف لڑنے کی بجائے اپنی قوت کو پاکستان کے خلاف استعمال کریں لیکن ہم بیرونی قوتوں کی یہ سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

حافظ سعید نے کہا کہ ہمارا احتجاج مکمل طور پر پرامن ہو گا، قوم کو متحد و بیدار کر کے حکمرانوں پر دباؤ بڑھائیں گے، ہم نواز شریف، مولانا فضل الرحمن اور عمران خان کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ دفاع پاکستان کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران و سیاستدان مخلص ہو جائیں تو امریکہ اور اس کے اتحادی مہینوں کیا چند ہفتے بھی اس خطہ میں نہیں ٹھہر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام سے خفیہ دوستیاں اور معاہدے کرنا اللہ کو پسند نہیں، امریکہ نے پاکستان سے معافی نہیں مانگی، نیٹو سپلائی بحال کرنا امریکہ کو اس خطہ میں مزید ٹھہرنے کی سہولیات پیدا کرنے کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ : 177059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش