0
Sunday 8 Jul 2012 14:56

نیٹو سپلائی کی بحالی پارلیمنٹ کی توہین اور ڈرون حملے منہ پر طمانچہ ہے، جے یو آئی خیبر پختونخوا

نیٹو سپلائی کی بحالی پارلیمنٹ کی توہین اور ڈرون حملے منہ پر طمانچہ ہے، جے یو آئی خیبر پختونخوا
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کی مجلس عاملہ کا اجلاس سید رحیم شاہ کی صدارت میں پشاور میں منعقد ہوا، جس میں ارکان مجلس عاملہ مولانا محمد قاسم، شمس الرحمان شمسی، مولانا فضل علی، عبدالجلیل جان، صاحبزادہ خالد جان، آصف اقبال، امانت شاہ، مفتی عبد الشکور،نور  الاسلام، مولانا عزیز احمد، اشرف علی اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں 8,9 جولائی کو مرکزی شورایٰ، 15 جولائی کو گرینڈ قبائل جرگہ، نیٹو سپلائی کی بحالی سے پیداہ شدہ صورتحال، آئندہ عام انتخابات، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اور دیگر امور پر غور و غوض کیا گیا، اجلاس میں سابق ایم این اے قاری عبدالباعث صدیقی اور رکن صوبائی اسمبلی زیاد درانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی وفات کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا گیا۔ اور شیخ مولانا امان اللہ کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔

اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے بتایا کہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی کے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا اور اس فیصلہ کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں طے کیا گیا ہے کہ خارجہ امور اور نئی پالیسیوں کی تشکیل کے حوالہ سے طریقہ کار کے مطابق پارلیمنٹ سے منظوری لی جائیگی، کسی فر واحد یا حکمرانوں کو خارجہ پالیسی کے حوالہ سے اختیار نہیں۔ اجلاس میں اس فیصلے کو امریکی دبائو کا نتیجہ قرار دیاگیا۔

مجلس عاملہ کے اجلاس میں ڈرون حملوں کو پارلیمنٹ اور حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ قرار دیتے ہوئے اس پر حکومت کے کمزور موقف پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں بجلی کے مسلسل بحران اور آئے روز بدترین لوڈشیڈینگ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ توانائی بحران فی الفور حل کیا جائے اور زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 177452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش