0
Tuesday 10 Jul 2012 02:14

حکومت نے قبائلی علاقوں کو امریکی شکار گاہ بنادیا ہے، مشتاق احمد خان

حکومت نے قبائلی علاقوں کو امریکی شکار گاہ بنادیا ہے، مشتاق احمد خان
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے قبائلی خطے کو امریکی شکارگاہ بنا دیا ہے۔ ڈالرز کے عوض امریکیوں کو محب وطن اور اسلام پسند قبائل کے قتل عام کا لائسنس دیا گیا ہے۔ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن اور ڈرون حملوں سے بہنے والے خون کی ذمہ دار اے این پی اور پی پی ہے۔ وہ جماعت اسلامی کالام قبائلی علاقہ جات کے ذمہ داران کے تین روزہ تربیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی قبائلی علاقہ جات ہارون الرشید، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منصف خان اور دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نیٹو سپلائی کو تحفظ دینے کے لیے دعوے تو کر رہی ہیں لیکن ڈرون حملوں سے قبائلی عوام کے قتل عام پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پختون قوم صوبائی حکومت سے پوچھتی ہے کہ اگر نیٹو سپلائی کا تحفظ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے تو امریکی ڈرون حملوں سے قبائلی عوام کے تحفظ کی ذمہ داری کس کی ہے؟ انھوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ جماعت اسلامی نے قبائلی عوام کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر آواز بلند کی ہے اور مصبیت زدہ قبائلی عوام کی تاریخی خدمت اور مدد کی ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی قبائلی علاقوں سے کلین سویپ کر کے تمام سیاسی جماعتوں کا صفایا کر دے گی۔ اور اقتدار میں آکر قبائلی عوام کو امریکی دہشت گردی سے نجات دلائے گی۔
خبر کا کوڈ : 177897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش