0
Wednesday 18 Jul 2012 14:35

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تین روزہ قومی ریسرچ کانفرنس شروع ہوگئی

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تین روزہ قومی ریسرچ کانفرنس شروع ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ بیالوجیکل سائنسز کے زیر اہتمام تین روزہ قومی ریسرچ کانفرنس شروع ہوگئی۔ کانفرنس میں ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے ماہرین، محققین اور یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ہونے والی اس کانفرنس کے مہمان خصوصی مشیر جنگلات و قدرتی وسائل آفتاب حیدر تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر جنگلات آفتاب حیدر نے کہا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی اور ماحولیاتی اعتبار سے انتہائی حساس علاقہ ہے اس لئے ماحولیاتی تبدیلیوں سے براہ راست متاثر ہوتا ہے، اس طرح کی جدید سائنسی تحقیقی سرگرمیوں سے طالبعلموں میں آگاہی اور تحقیق کے حوالے سے شعور بیدار ہوگا اور یہ مستقبل کیلئے پائیدار ترقی اور بہتر منصوبہ بندی کا باعث بنے گا۔

آفتاب حیدر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جنگلات پورے ملک کی نسبت زیادہ ہیں اور یہ جنگلات مختلف بلندیوں پر پائے جاتے ہیں اور یہ جنگلی حیات کی آماجگاہ کے ساتھ ساتھ ماحول میں توازن قائم رکھنے کا سبب بھی ہیں، اس لئے ان کا تحفظ انسانی بقاء اور ماحول کے تحفظ کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر آفتاب حیدر نے شعبہ بیالوجیکل سائنسز میں ریسرچ کے فروغ کیلئے 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر نجمہ نجم نے کہا کہ KIU ملک بھر کے متعدد ممتاز تعلیمی اداروں کے اشتراک سے ریسرچ کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے اور KIU میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ بیالوجیکل سائنسز KIU کا لیڈنگ شعبہ ہے، جہاں تیزی کے ساتھ اور وسیع پیمانے پر تحقیقی کام ہورہے ہیں۔ دوسرے شعبہ جات اس شعبہ کی تقلید کریں تاکہ پوری یونیورسٹی میں ریسرچ پر یکساں کام ہوسکے۔

ڈین آف بیالوجیکل سائنسز ڈاکٹر عارف النساء نقوی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور موضوع کانفرنس پر سیر حاصل بحث حاصل کی۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد اور کانفرنس کے آرگنائزر ڈاکٹر عبدالرزاق نے بھی کانفرنس کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نئے محققین میں تحقیق کی جستجو پیدا کرنے کے علاوہ علاقے کے قدرتی وسائل پر تحقیق کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔ کانفرنس کے آرگنائزر نے مشیر جنگلات کی کانفرنس میں آمد اور 20 لاکھ روپے ریسرچ کے فروغ کیلئے اعلان کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے ایڈیشنل رجسٹرار محمد حسین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 180126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش