0
Wednesday 18 Jul 2012 23:40

سکردو میں اہل تشیع کا شدید احتجاج، مظاہرین کی وزیراعلٰی ہاؤس کے گھیراؤ کی کوشش

سکردو میں اہل تشیع کا شدید احتجاج، مظاہرین کی وزیراعلٰی ہاؤس کے گھیراؤ کی کوشش
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی علاقہ بدری کے احکامات کے بعد سکردو کے حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں، اسلام ٹائمز کے نمائندے محمد کاظم کے مطابق اس وقت یادگار شہداء چوک پر لوگوں کی بڑی تعداد نے احتجاج شروع کر دیا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے وزیراعلٰی ہاؤس کی طرف مارچ شروع کر دیا ہے۔ نمائندے کے مطابق، شیعیانِ سکردو کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کل (جمعرات) سکردو شہر کے تمام مقامات پر وزیراعلٰی سید مہدی شاہ کیخلاف طاغوت شکن احتجاج کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری کی علاقہ بدری کے احکامات وزیراعلٰی مہدی شاہ کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں، اگر وزیراعلٰی میں اتنی ہمت ہے تو وہ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کو علاقہ بدر کر کے دیکھ لیں، غیرت مند شیعہ علامہ ناصر عباس جعفری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اُن کے درورہ جات کو شیڈول کے مطابق مکمل کرائیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعلٰی کے ان اقدامات کیخلاف کل سکردو بھر میں طاغوت شکن مظاہرے کیے جائیں گے اور وزیراعلٰی ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ سکرود کی پوری قوم علامہ ناصر عباس کے ساتھ ہے، اور انہیں کسی صورت علاقہ سے جانے نہیں دیا جائے گا، بیان میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اوچھی حرکتوں سے باز آجائے ورنہ ایسا احتجاج کیا جائے گا جس سے وزیراعلٰی کو اُن کی مقبولیت کا اندازہ بخوبی ہو جائے گا۔

دوسری طرف ہمارے نمائندے نے بتایا کہ اس وقت سکردو میں حالات کشیدہ ہیں اور مظاہرین وزیراعلٰی ہاؤس کی جانب روانہ ہیں، لوگوں میں کافی غم و غصہ پایا جاتا ہے اور شیدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی طرف سے جب تک یہ احکامات واپس نہیں لئے جاتے، وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ نمائندے کے مطابق، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وہ شرابی وزیراعلٰی کے احکامات کو نہیں مانتے، سکردو کے غیرت مند شیعہ کبھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ علماء کو سرزمین سکردو سے علاقہ بدر کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ ایک افسوس کا مقام ہے کہ جہاں شیعہ اکثریت میں ہیں، وہاں پر بھی پی پی پی حکومت غیرملکی آقاؤں کا خوش کرنے کے لئے غلط اقدام اٹھا رہی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر وزیرعلٰی سید مہدی شاہ میں دم خم ہے تو وہ علامہ ناصر عباس کو گرفتار یا علاقہ بدر کرکے دیکھ لیں۔
خبر کا کوڈ : 180274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش