0
Saturday 21 Jul 2012 16:10

آئندہ انتخابات میں حکمرانوں کو ان کی اصلیت معلوم ہو جائے گی، سید وسیم اختر

آئندہ انتخابات میں حکمرانوں کو ان کی اصلیت معلوم ہو جائے گی، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی آزادی، سلامتی اور خودمختاری پر سوالیہ نشان ہیں، حکمران چند ڈالروں کے عوض اپنے ہی بے گناہ لوگوں کو مروا رہے ہیں، پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے پاکستانیوں کو فروخت کرنے والا پرویز مشرف قومی مجرم ہے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کٹہرے میں لایا جائے، موجودہ حکومت بھی مشرف کی باقیات کا تسلسل ہے، عوام ان ظالم حکمرانوں سے بیزار آ چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال میں عوام کے مسائل بڑھے ہیں، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ملک دن بدن گھمبیر مسائل کی دلدل میں دھنستا چلا جا رہا ہے جبکہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، آئندہ انتخابات میں حکمرانوں کو ان کی اصلیت معلوم ہو جائے گی، اگر حکمرانوں نے انتخابات کو ایک سال کے لئے ملتوی کیا تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو ایک دن بھی مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے، اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے، ملک کسی بھی قسم کے عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، ضرورت اس امر کی ہے کہ عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کی فضا کو ختم کیا جائے، عدلیہ کی آزادی پر شب خون مارنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ مردہ ضمیر حکمرانوں سے چھٹکارے کا وقت آ چکا ہے، عوام ووٹ کی پرچی کا صحیح استعمال کریں، آزمائے ہوؤں کو آزمانا عقل مندی نہیں، نیا لبادہ اوڑھ کر آنے والے چلے ہوئے کارتوس ہیں، جماعت اسلامی کا کردار سب کے سامنے ہے، عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس محب وطن قیادت ہے اور پاکستان کو محب وطن لیڈران کی ہی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 180864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش