0
Thursday 26 Jul 2012 01:08

ملکی سلامتی کیلئے الطاف حسین نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے، علامہ طالب جوہری

ملکی سلامتی کیلئے الطاف حسین نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے، علامہ طالب جوہری
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و صوبائی وزیر ڈاکٹر صغیر احمد نے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں ملک پر منڈلانے والے خطرات کے حوالے سے دیئے گئے الطاف حسین کے لیکچر کی کاپی پیش کی اور ملک کی نازک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی امام الدین شہزاد، ایم کیو ایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد و اراکین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں علامہ طالب جوہری نے کہا کہ الطاف حسین نے انتہاء پسندی کے حوالے سے بھی سب سے پہلے حقائق عوام سمیت ارباب اقتدار و اختیار تک پہنچائے تھے اور اب ساحلی علاقوں پر بحری بیڑوں کی آمد کی اطلاع دے کر وہ اپنا فرض پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا یہ خاصہ رہا ہے کہ وہ ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے پیشگی آگاہ کرتے ہیں تاکہ عوام و ارباب اختیار و اقتدار خواب غفلت کے اندھیروں سے نکلیں اور دفاع پاکستان اور اس کی سالمیت کیلئے متحد و منظم ہوجائیں۔

علامہ طالب جوہری نے ملک کی بقاء و استحکام اور الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت و تندرستی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ انہوں نے کراچی میں گزشتہ دنوں ہونیوالے فرقہ وارانہ فسادات کے نتیجے میں شیعہ مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہلاکتوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈاکٹر صغیر احمد نے علامہ طالب جوہری سے بات چیت کرتے ہوئے گزشتہ دنوں شہر میں فرقہ واریت کی بنیاد پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ملک کی موجودہ نازک صورتحال فقہی اور مسلکی اختلاف کو پس پشت ڈال کر متحد و منظم ہونے کا تقاضہ کر رہی ہے اور ایسے نازک حالات میں بھی جو عناصر تمام مکاتب فکر کے افراد کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر رہے ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں اور انہیں ملک کو درپیش خطرات اور مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل کئے گئے شیعہ مکتب فکر کے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 182155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش