0
Friday 27 Jul 2012 19:33

تحریک انصاف عام انتخابات میں ن لیگ کیساتھ اتحاد نہیں کریگی، جاوید ہاشمی

تحریک انصاف عام انتخابات میں ن لیگ کیساتھ اتحاد نہیں کریگی، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی، ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے پاس اب الیکشن میں اپنا امیدوار کھڑا کرنے کے لئے مظفر گڑھ، ملتان، خانیوال اور جھنگ میں کوئی امیدوار نہیں بچا، انتخابات اگر مارچ میں ہوئے تو مسلم لیگ ن کو زیادہ نشستیں نہیں مل سکیں گی۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملک کی دونوں بڑی جماعتیں اپنی اہمیت کھو چکی ہیں، جنرل درانی نے 7 کروڑ کی جو فہرست دی ہے اور آئی ایس آئی نے جو 7 کروڑ بانٹے ہیں سپریم کورٹ سے اپیل ہے ان کی فہرست جاری کر کے چہرے بے نقاب کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ اس فہرست میں میرا نام شامل ہوا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، آئی ایس آئی کی اتنی جرات نہیں کہ وہ اس فہرست میں میرا نام شامل کرے۔ 

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے ختم ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں، حکومت نے اگر کوئی خفیہ معاہدے کئے ہیں تو انہیں سامنے لانا چاہئے، حکومت کی جانب سے سوئس حکام کو خط نہ لکھنا عجیب سی بات ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئیر رہنمائوں سمیت نواز شریف، شہباز شریف نیب کا سامنا کیے بغیر ملک چھوڑکر چلے گئے تھے، تو صرف میں نے نیب کا سامنا کیا۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تین سال پہلے وزیراعلیٰ کو مخدوم رشید کی زمین واپس لینے اور میڈیکل کالج بنانے کا کہا تھا لیکن آج انہوں نے وہ زمین چوروں اور لٹیروں کو دے دی ہے، انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ زرداری کا مقابلہ کر کے اسے فارغ کر دیتے لیکن مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا جس کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور زرداری نے ہمیشہ ذاتیات کی سیاست کی ہے، اسی لئے میں نے مسلم لیگ (ن) سے تنگ آ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی، پاکستان میں شفاف احتسابی نظام ہونا چاہئیے، مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نیب میں کیسز اٹھانے کی مذمت کر رہی ہے، جس اسمبلی نے احتساب کا قانون نہیں بنایا ایسی اسمبلی کیسے برداشت کریں، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام کی ان کی جماعت مذمت کرتی ہے اور پاکستانی حکومت اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر اس مسئلے پر آواز بلند کرے۔
خبر کا کوڈ : 182587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش