0
Tuesday 31 Jul 2012 12:15

ڈی جی آئی ایس آئی 3 روزہ دورہ پر امریکہ روانہ، سی آئی اے کے سربرہ سے ملاقات کرینگے

ڈی جی آئی ایس آئی 3 روزہ دورہ پر امریکہ روانہ، سی آئی اے کے سربرہ سے ملاقات کرینگے
اسلام ٹائمز۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام تین روزہ دورے پر کل امریکہ روانہ ہوگئے۔ انکے دورہ کے دوران ڈرون حملوں کے حوالے سے اعلٰی امریکی حکام کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ نیٹو سپلائی کھولنے کے فیصلے کے بعد ڈی جی آئی ایس آئی کا دورہ امریکہ خاص اہمیت کا حامل ہے، جس میں پاکستان کے ڈرون حملوں کے حوالے سے موقف پر بات چیت ہوگی۔ ڈی جی آئی ایس آئی اپنے دورے کے دوران ڈرون حملوں پر امریکی حکام سے میکینزم طے کرنے کی بات کریں گے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے دوران امریکہ ڈرون حملے بند کرنے کے پاکستانی مطالبے کو تسلیم نہیں کرے گا مگر حملوں کے حوالے سے پاکستان کو اعتماد میں لیے جانے پر بات ہوسکتی ہے۔ 

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ انتخابات کی طرف جا رہا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے امریکہ کی اپنی ترجیحات ہیں، جن میں ایک ترجیح یہ ہے کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرے۔ ڈی جی آئی ایس آئی اپنے دورہ امریکہ کے دوران جہاں انسداد دہشتگردی کے موضوع پر بات کریں گے وہیں افغانستان سے مولوی فضل اللہ کے دہشتگردوں کی پاکستانی علاقوں میں کارروائیوں کے خلاف موثر اقدامات پر بات چیت کریں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام تین روزہ دورہ پر امریکا روانہ ہوگئے، نیٹو سپلائی سے متعلق یاداشت پر پاک امریکہ باضابطہ دستخط آج اسلام آباد میں ہوں گے۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام تین روزہ دورہ پر امریکہ روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی اپنے دورہ کے دوران سی آئی اے کے سربراہ ڈیوڈ پیٹریاس سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں ڈرون حملے اور دو طرفہ پیشہ ورانہ امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان اور امریکا کے درمیان نیٹو سپلائی کی بحالی کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط آج کر دیئے جائیں گے۔ حکومت پاکستان نے امریکی سفارت خانے کو آگاہ کر دیا۔ 

ذرائع کے مطابق آج سہ پہر وزارت دفاع میں ایک تقریب منعقد ہوگی، جس میں نیٹو سپلائی کی بحالی پر تیار شدہ مفاہمت کی یاداشت پر باضابطہ دستخط کر دیئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ اور ایڈیشنل سیکریٹری دفاع فرخ احمد یا نئے سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل آصف یاسین ملک ریٹائرڈ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہونے کے بعد نیٹو سپلائی نئے قواعد اور نئی شرائط کے مطابق ہوگی۔ مفاہمت کی یاداشت دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنیکل مذاکرات کے بعد تیار کی گئی ہے، وفاقی کابینہ نے گزشتہ ہفتے مفاہمت کی یاداشت کے مسودہ کی منظوری دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 183712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش