0
Tuesday 31 Jul 2012 21:08

ملت مسلمہ کو چاہیے کہ اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے مشترکہ دشمنوں کے خلاف صف آراء ہو، علامہ ساجد نقوی

ملت مسلمہ کو چاہیے کہ اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے مشترکہ دشمنوں کے خلاف صف آراء ہو، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی وحدت اور عالم اسلام کے اتحاد کی خاطر دور حاضر میں بھی ’’صیغہ اخوت‘‘ کی تجدید کی ضرورت ہے، کیونکہ اتحاد و وحدت کی ضرورت جتنی اس زمانے میں ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ لہذا ملت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ پیغمبر گرامی کی ذات کو اتحاد کا مرکز و محور سمجھتے ہوئے اپنے داخلی اور فروعی و جزوی نوعیت کے اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے مشترکہ دشمنوں کے خلاف صف آراء ہو جائے صرف اسی صورت میں ہی اسلام دشمن سامراجی قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

12 رمضان المبارک (روز مواخات) کے موقع پر اپنی طرف سے راولپنڈی/ اسلام آباد کے کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ پیغمبر گرامی (ص) نے قرآن کریم، احادیث اور اسلامی تعلیمات کی شکل میں نظریہ و عقیدہ اور اپنی سیرت عالیہ کی شکل میں عمل کا جو بہترین اثاثہ امت مسلمہ بلکہ عالم انسانیت کے لئے چھوڑا ہے۔ اس سے صحیح استفادہ کرکے حقیقی معنوں میں دنیوی و اخروی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ پیغمبر گرامی (ص) کی آمد کا مقصد دنیا کو تاریکیوں کی گہرائی سے نکال کر نور کی بلندیوں تک پہنچانا تھا، یہی وجہ ہے کہ سرور کائنات (ص) کی تبلیغ اور جدوجہد سے آج اسلام ایک ایسا دین بن کر سامنے ہے کہ جو ہر شخص، ہر طبقے اور ہر معاشرے کو  زوال سے نکال کر کمال کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہ صیام میں چونکہ دل او روح نیکی اور پرہیزگاری کی جانب مائل ہوتے ہیں، لہذا اس ماہ مبارک میں دین اسلام کے اصولوں پر عمل کرنے کی بہترین مشق کا موقع میسر آتا ہے۔ انفرادی عبادت و ریاضت اور تزکیہ و تقوی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اجتماعی امور کی جانب بھی توجہ دی جانی نہایت ضروری ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ بدقسمتی سے آج امت مسلمہ سیرت نبوی (ص) اور تعلیمات قرآنی پر عمل پیرا نہیں ہے اور ذاتی و اجتماعی سطح پر مختلف برائیوں، گناہوں، کوتاہیوں اور انتشار و افتراق کا شکار ہے، جس کی وجہ سے تسلسل کے ساتھ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو تختہ مشق بنا رہی ہے اور دنیا کے ہر حصے میں مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ وطن عزیز شدت پسندوں کے رحم و کرم پر ہے۔

شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل و مشکلات کا واحد حل تعلیمات قرآن اور سیرت پیغمبر گرامی (ص) سے صحیح استفادہ اور اتحاد و وحدت میں مضمر ہے۔ باہمی محبت و رواداری کو فروغ دیں، نفرتوں، بغض و عناد اور عداوتوں کا خاتمہ کریں، فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ تنازعات کو ہوا دینے سے گریز کریں اور مشترکات پر جمع ہو کر وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 183880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش