0
Sunday 5 Aug 2012 02:03

مسلم مقبوضہ علاقوں کے بارے میں اقوام متحدہ کا کردار انتہائی شرمناک اور جانبدارانہ ہے، لیاقت بلوچ

مسلم مقبوضہ علاقوں کے بارے میں اقوام متحدہ کا کردار انتہائی شرمناک اور جانبدارانہ ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم رکوانے کے لیے آواز بلند کرے اور کشمیر ی عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت نے نصف صدی سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ آٹھ لاکھ بھارتی فوج نے کشمیری مسلمانوں کی آزادی سلب کر رکھی ہے اور آئے روز ظلم و بربریت کے رونگٹے کھڑے کر دینے والے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی چونکا دینے والی رپورٹوں کے باوجود عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا نہیں کر رہی ہے اور مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے جبکہ بھارتی قابض فوج کشمیر میں سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق وحشیانہ طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قتل کر دیا گیا ہے لاکھوں کو عقوبت خانوں میں بدترین اذیت اور انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہزاروں خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سینکڑوں مسلمان بستیوں، ہزاروں گھروں اور باغات کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ معصوم بچوں کو ماؤں کی گودوں سے چھین کر وحشیانہ طریقے سے قتل کر دیا جاتا ہے لیکن بھارتی فوج کا کوئی ہاتھ روکنے والا نہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت مسلم مقبوضہ علاقوں کے بارے میں اقوام متحدہ کا کردار انتہائی شرمناک اور جانبدارانہ ہے۔ سوڈان میں چند ہزار عیسائیوں کی طرف سے جھوٹے پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر اقوام متحدہ نے سوڈان کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جبکہ کشمیری اور فلسطینی مسلمان نصف صدی سے زیادہ عرصے سے ہندوؤں اور یہودیوں کے مظالم کا شکار ہیں لیکن ان کی فریاد نہیں سنی جا رہی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے دوہرے اور جانبدارانہ رویے سے عالمی امن کو شدید خطرہ ہے جب ظلم حد سے بڑھ جائے اور لوگوں کو کہیں سے عدل و انصاف کی امید نہ رہے تو وہ تنگ آمد بجنگ آمد کی بنیاد پر مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ او آئی سی اور اسلامی ممالک فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائیں اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے مداخلت پر مجبور کریں۔
خبر کا کوڈ : 184963
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش