0
Wednesday 6 Jun 2012 03:03

نیٹو سپلائی کی بندش اور شکیل آفریدی کی سزاء کے بعد امریکی دیوانے پن کا شکار ہو چکے ہیں، لیاقت بلوچ

نیٹو سپلائی کی بندش اور شکیل آفریدی کی سزاء کے بعد امریکی دیوانے پن کا شکار ہو چکے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بندش اور امریکی ایجنٹ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سزا کے بعد امریکی دیوانے پن کا شکار ہو چکے ہیں، دھڑا دھڑ ڈرون حملے افغانستان میں امریکی شکست کا اظہار ہے،ملی یکجہتی کونسل اور دفاع پاکستان کونسل ملکی سالمیت اور بقاء کیلئے سرگرم غیر سیاسی اتحاد ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ خیرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگی، امریکی جنگ کو اپنی جنگ میں تبدیل کرنے والے ملک دشمن حکمرانوں کی وجہ سے آج پاکستان کی سالمیت دائو پر لگی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں افراتفری اور اندھیر نگری کی صورتحال ہے ہم کسی صورت بھی نیٹو کی سپلائی بحال نہیں ہونے دینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل نیٹو سپلائی کی بحالی کے راستے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی، ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سزاء سنائے جانے اور نیٹو سپلائی بند ہونے کے بعد امریکی حواس باختہ ہو چکے ہیں اور اپنی شرمناک شکست کو دیکھتے ہوئے ڈوبتے کو تنکے کا سہارا کے مصداق قبائلی علاقوں میں ڈرون کی بارشیں کر رہے ہیں، لیکن امریکہ اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے اور بہت جلد ذلیل و خوار ہو کر خطے سے نکلنے والا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان ملکی سالمیت اور امریکی درندگی کے خلاف یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ایک غیر سیاسی اتحاد اور محب وطن قوتوں کا مجموعہ ہے اور ملی یکجہتی کونسل ملک میں فرقہ واریت اور ہر قسم کے تعصبات اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے دینی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں پلیٹ فارم ملکی سالمیت اور بقاء کیلئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 168535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش