0
Monday 13 Aug 2012 14:37

پاکستان کا 65 واں جشن آزادی کل عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

پاکستان کا 65 واں جشن آزادی کل عقیدت و احترام سے منایا جائے گا
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی قوم اپنا 65 واں جشن آزادی منگل کو نہایت عقیدت و احترام سے منائے گی۔ دن کا آغاز فجر کی نماز کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، آئین و قانون کی سربلندی اور سرحدوں کی حفاظت کی خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارلحکومتوں میں21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا جائے گا، جشن آزادی کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت، آزاد کشمیر، چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوں گی سرکاری و نجی عمارتوں اور گھروں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے، گلیاں، بازار اور گھروں کی چھتیں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ سج گئیں ہیں۔

اس ضمن میں ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں تقریری، تحریری اور قومی موضوعات پر سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینارز منعقد ہوں گے جبکہ عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت میں جناح کنونشن سنٹر میں منعقد ہو گی جس میں وزریراعظم راجا پرویز اشرف پرچم کشائی کریں گے۔ تقریب کا آغاز صبح سوا آٹھ بجے ہو گا نو بجے وزیراعظم پرچم کشائی کریں گے اور حاضرین کے ساتھ مل کر قومی ترانہ گائیں گے جبکہ وزیراعظم پرچم کشائی کے بعد قوم سے خطاب بھی کریں گے۔ تقریب براہ راست نشر ہو گی سرکاری ٹیلی ویژن پرچم کشائی کی تقریب کو براہ راست نشر کرے گا۔ اس تقریب میں ملک کی سیاسی و غیر سیاسی شخصیات، مسلح افواج کے سربراہان اور غیر ملکی سفارتکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ملی نغمے پیش کئے جائیں گے۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اسلام آباد میں خصوصی سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پلان کے تحت وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈیوٹی پر مامور تمام اہلکار اپنے محکمانہ کارڈ سامنے چسپاں کریں گے۔ چیکنگ کو مزید سخت کیا جائیگا۔ دعوت نامے کے بغیر مہمانوں کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔ شاپنگ سنٹر اور حساس مقامات، پبلک مقامات پر بھی خصوصی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ڈھوکڑی چوک، کوڑیاں والا چوک، فرانس ایمبیسی چوک، کشمیر چوک پر بھی خصوصی نفری تعینات کی جائے گی۔

کنویشن سنٹر کے اردگرد گھڑ سوار پولیس ملازمین، کیو آر ایف، کمانڈوز، لیڈیز کمانڈوز کی خصوصی ٹیمیں سیکورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجا م دے رہی ہیں۔ اس موقع پر آتش بازی اور ون ویلنگ پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ ہائی سیکورٹی زون کی سیکورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے پولیس کے جتنے بھی افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے وہ اپنے محکمانہ کارڈز سامنے چسپاں رکھیں گے۔ ناکوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی۔ وی آئی پی کے ساتھ سرکاری و پرائیویٹ گارڈ کو بھی چیک کیا جائے گا۔ ریڈ زون والی سائیڈ تمام کچے راستو ں کو بند رکھا جائے گا۔ اخبارات خصوصی ایڈیش شائع کریں گے جبکہ الیکٹرانک میڈیا سے خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔

لاہور میں مرکزی تقریب مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہو گی جہاں وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور تحریک آزادی کے اہم رہنماؤں کے ہم شکل ماڈلز بھی شریک ہوں گے جبکہ اس تقریب میں یوم آزادی کی مناسبت سے ڈرامہ اور دیگر پروگرامز بھی پیش کئے جائیں گے۔ شہری مزار اقبال پر بھی حاضری دیں گے اور تاریخی عمارات و مقامات بھی سیر کے لئے کھلے رکھے جائیں گے۔ مال روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں اور نجی و سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 187127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش