0
Tuesday 14 Aug 2012 22:13

پارلیمنٹ اور انتظامیہ کو تضحیک کا نشانہ بنانا تکبرانہ رویہ ہے، لطیف کھوسہ

پارلیمنٹ اور انتظامیہ کو تضحیک کا نشانہ بنانا تکبرانہ رویہ ہے، لطیف کھوسہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین اپنی وفاداری حکومت کی بجائے ریاست کے ساتھ رکھیں، جابر وزیر اعلٰی کے دہشت گردانہ احکامات نہ مانیں۔ گورنر ہاوس خصوصی بچوں کے اعزاز میں جشن آزادی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔ سرکاری ملازمین اپنی وفاداریاں سیاسی جماعتوں کی بجائے ریاست کے ساتھ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس اور جلاو گھیراو میں نجی اور سرکاری املاک کا نقصان ہوتا ہے۔ سرکاری ملازمین ایسے جلسوں کا اہتمام نہ کریں۔ 

عدلیہ اور حکومت کے درمیان جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پارلیمنٹ اور انتظامیہ کو تضحیک کا نشا نہ بنانا تکبرانہ رویہ ہے، جو صرف اللہ کی ذات کو زیب دیتا ہے۔ کسی ادارے کے افراد کو عاجزی اور انکساری کا ہی اظہار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف گیلانی کے بعد دوسرے وزیراعظم کو بھی عدلیہ نے عہدے سے ہٹادیا تو یہ نہ صرف جمہوریت بلکہ ملک کے لئے بھی نقصان دہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مخالفت میں ادارے پاکستان کے بارے میں ناکام ریاست کا تاثر نہ دیں۔
 
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جمہوری جدوجہد سے پاکستان قائم ہوا، ذوالفقار علی بھٹو نے امت مسلمہ کو اکٹھا کیا، اسلامی ایٹم بم بنایا جبکہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی ملک میں لاکر ہندوستان کے آخری علاقے کو بھی اپنے نشانے پر لے لیا۔ 

گورنر پنجاب نے کہا کہ یوم آزادی کے عظیم دن پر ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا ہے کہ تمام اداروں کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ جمہوری تسلسل کو برقرار رکھنا ہے اور ایسے شرپسند عناصر کو شکست دینی ہے جو جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ اگر جمہوریت کو منہدم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس سے ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ کا بے حد احترام کرتے ہیں اور اسے پُروقار دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ تمام ادارے اپنے حدوقیود میں رہ کر اپنا اپنا کردار ادار کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ لوڈ شیڈنگ کے نام پر لوگوں میں اشتعال دلاتے ہیں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جاتا ہے اور احتجاجی سیاست کا ڈھونگ رچایا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ کو جنگ ہی کا شوق ہے تو آئیے ہمارے ساتھ ملکر جہالت، غربت، افراط زر، لوڈشیڈنگ اور ناانصافی کے خلاف جنگ کریں ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اس جنگ میں ہمیں ہمیشہ پہلی صف میں پائیں گے۔ 

یوم آزاد ی کے اس مبارک موقع پر گورنر پنجاب نے پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم سپیشل بچوں کے لئے مفت تعلیم اور رہائش کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی شکایت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ گورنر نے اس موقع پر سپیشل افراد کے لئے سرکاری ملازمتوں میں 2 فیصد کوٹے کا بھی اعلان کیا اور پنجاب کے سرکاری محکموں کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ ان احکامات پرفوری طور پر عمل درآمد کیا جائے اور ان احکامات کی بجا آوری میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ نابینا بچے کو یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں ان کے مطالبات کے مطابق ان کے امتحانی طریقہ کار کو بھی یقینی بنایا جائے۔ 

مزار اقبال حاضری
قبل ازیں، سردار محمد لطیف خاں کھوسہ نے کہا پاکستان کی بقاء اور کامیابی جمہوری نظام کی ہی بدولت ہے اور ہمارا ملک پاکستان جمہوریت کی وجہ سے ہی معرض وجود میں آیا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مزار اقبال پر حاضری دینے، پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ ہم قدورتوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور پارلیمانی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جمہوریت کو تقویت دیں گے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ ہماری قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بھی جمہوریت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی، مہنگائی، بجلی کا بحران جیسے مشکلات کا سامنا ہے، لیکن اگر قوم متحد ہے تو ملک کو درپیش تمام مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے، جبکہ ہماری حکومت ان مسائل پر قابو پانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔ 

بعد ازاں، گورنر پنجاب سردار محمد لطیف خاں کھوسہ نے فاطمہ ة الزہرہ گرلز کالج کاہنہ میں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تخلیق، تکمیل اور تدبیر میں بلاشبہ خواتین کا بہت بڑا کردار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خواتین پاکستان کی مضبوطی اور اس کے روشن مستقبل کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں اور صلاحیتو ں کو بروئے کار لا رہی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ خواتین کی بہتری اور انہیں ہر شعبے میں اپنا کردار نبھانے کے لئے بے شمار مواقع فراہم کئے ہیں۔
 
اُنہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے 150 ارب روپے کی خطیر رقم تقریبا 60 لاکھ خاندان میں تقسیم کی گئی ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کالج کی بچیوں کو گورنر ہاﺅس لاہور میں سیر کی دعوت بھی دی۔ تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے طارق شبیر میو اور ایم اپی اے فاروق یوسف گھرکی کے علاوہ پیپلز پارٹی کے دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 187542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش