0
Saturday 18 Aug 2012 02:54

القدس کی آزادی مسلح جدوجہد کے بغیر ناممکن ہے، مرکزی القدس ریلی سے رہنماؤں کا خطاب

القدس کی آزادی مسلح جدوجہد کے بغیر ناممکن ہے، مرکزی القدس ریلی سے رہنماؤں کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ امریکہ عالمی دہشت گرد ہے، القدس کی آزادی مسلح جدوجہد کے بغیر ناممکن ہے۔ فلسطین، فلسطینیوں کا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی۔ شہدائے یوم القدس کوئٹہ اور کراچی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے نمائش تا تبت سینٹر نکالی جانیوالی ’’ مرکزی آزادی القدس ریلی ‘‘ میں تبت سینٹر پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا منور علی نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، متحدہ علما محاذ کے سرپرست مولانا مرزا یوسف حسین اور ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے جنرل سیکریٹری مولانا باقر زیدی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں سیکوریٹی کے خطرات کے باوجود لاکھوں عاشقان بیت المقدس جن میں خواتین، شیر خوار بچے، بوڑھے اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ مرکزی آزادی القدس ریلی میں سول سوسائٹی، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سمیت طلبہ تنظیموں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے مرکزی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے بعد کراچی میں جو القدس ریلی کو نشانہ بنایا گیا ہے اس کا براہ راست تعلق امریکہ و اسرائیل سے ہے، جو ان ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت سے خوفزدہ ہیں، استعمار اپنے ایجنٹوں کے ذریعے اس طرح کے حملے کروا رہا ہے جس کا مقصد خوف کی فضا سے لوگوں کو شرکت سے باز رکھنا ہے، لیکن عاشقان بیت المقدس کی بڑی تعداد میں شرکت نے ان کے عزائم خاک میں ملا دئیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک نا سور ہے، اگر اس سے جان نہ چھڑائی گئی تو یہ پوری دنیا کو تباہ کردے گا، غاصب صیہونی ریاست کی نابودی کا وقت دور نہیں جب قبلہ اول بیت المقدس پر پرچم اسلام لہرائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ سے شروع ہونے والے اسلامی بیداری آزادی بیت المقدس پر ہی منتہج ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا وعدہ ہے ’’ بیشک اللہ کا گروہ ہی غالب آنے والا ہے ‘‘، ہم نے قرآن کی اس آیت کا مصداق دیکھ لیا ہے، امام خمینی ؒ کی بدولت عالم اسلام آج اپنے اہم ترین مسئلے یعنی بیت المقدس کی آزادی کی طرف پلٹ چکا ہے، شہدائے القدس کوئٹہ اور تحریک آزادی القدس کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گلگت دراصل یوم القدس کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے اور کامرہ ائیر بیس پر حملہ ملک کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کی امریکی و اسرائیلی گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے میانمر میں جاری مسلمانوں کے قتل عام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما مولانا منور علی نقوی نے مرکزی القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا وجود پوری عالم انسانیت کے لئے خطرہ ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ پوری انسانیت کو متحد ہوکر انسانیت کے دشمن غاصب اسرائیل کے خلاف جدوجہد کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان ہونے کی حیثیت سے مسلم امہ کا اولین فریضہ ہے کہ انسانیت کے دشمن اور عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں اور مظلوم اور نہتے فلسطینیوں اور مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے عملی جدوجہد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی ؒ کی عظیم اور بابصیرت شخصیت کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جس نے انقلاب اسلامی ایران کے بعد سب سے پہلے مسئلہ فلسطین اور فلسطین و القدس کی آزادی کو شرعی فریضہ قرار دے کر ایک عالمی قضیہ کے طور پر متعارف کروایا۔ مولانا منور علی نقوی کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں بشمول فلسطین، کشمیر اور بالخصوص برما میں مسلمانوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے اور اسی طرح پاکستان کو امریکی و صیہونی ایجنٹوں نے دہشت گردی کا مرکز بنانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قاضی احمد نورانی کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل مسجد اقصیٰ کو منہدم کرکے وہاں پر ہیکل سلیمانی بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، قابل مذمت امر یہ ہے کہ ان تمام امور میں بے غیرت مسلم حکمران امریکہ و اسرائیلی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطہ عرب میں عوام میں اسلامی بیداری ان عرب حکمرانوں کی نیندیں حرام کردیں ہیں اور اب وہ وقت دور نہیں کہ خدا کے احکام کا مذاق بنانے والے یہ حکمران اپنے انجام تک پہنچیں گے اور کچھ کا انجام ہم دیکھ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم القدس ایک اسلامی دن ہے جس میں شرکت کرنا ہر مسلمان کے لئے لازم ہے، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ و اسرائیل مسلم امہ کا خون چوس رہے ہیں اور اب وقت آ چکا ہے کہ مسلم امہ بیدار ہو اور اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف سراپا احتجاج بن جائے۔

متحدہ علما محاذ کے رہنماء مولانا مرزا یوسف حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکی کالونی بنانے کا منصوبہ فی الفور ترک کیا جائے۔ بدنام زمانہ امریکی سفیر کیمرون منٹر کی نقل حرکت مشکوک ہے۔ کراچی میں دہشت گردی کی لہر اور آج ہونے والا واقعہ بھی ان ہی سامراجی قوتوں کا تحفہ ہے جو پاکستان کو دس سالہ دھشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی اتحادی ہونے پر دیا جارہا ہے، انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جس بھی اسلامی حکومت کے سربراہ نے امریکہ کا ساتھ دیا ہے اسے اس شیطان بزرگ نے خود ختم کروا دیا ہے، لہذا ان سے سبق حاصل کرو اور امریکی غلامی چھوڑ کر اللہ کی پناہ میں آجاؤ۔

ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے رہنما مولانا باقر زیدی نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطین میں بربریت روز روشن کی طرح عیاں ہوچکی ہے۔ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی مخالفت اور فلسطینیوں کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور ہر فورم میں ان کے حق میں آواز بلند کی ہے، انہوں نے مشرق وسطیٰ بالخصوص اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس سے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ بحرین اور خطے کے دیگر ممالک میں آنے والے انقلاب کے حل کے لئے خاطر خواہ اقدامات کرے۔ ریلی کے اختتام پر قراردادیں پیش کی گئیں جبکہ شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔
خبر کا کوڈ : 188375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش