0
Thursday 23 Aug 2012 10:59

ہم شہدائے کشمیر کی لاشوں پر کسی کو بھی سیاست نہیں کرنے دیں گے، شبیر ناڑوی

ہم شہدائے کشمیر کی لاشوں پر کسی کو بھی سیاست نہیں کرنے دیں گے، شبیر ناڑوی
اسلام ٹائمز۔ بھارت جبر اور بندوق کے زور پر کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا۔ کشمیریوں نے اپنے خون سے آزادی کے چراغ جلائے ہیں۔ وادی میں بھارتی فوجوں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر کشمیریوں کے قتل عام کے دوران موجودہ پاک بھارت مذاکرات کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ بھارتی افواج مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ جبکہ عالمی برادری نے اپنی مصلحت کے تحت چپ سادھ رکھی ہے جس پر ہمیں تشویش ہے۔ اب کشمیریوں کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر کی پشتی بان اور کشمیریوں کی سوادِاعظم جماعت ہے۔ بھارت جیسے جارح ملک کے خلاف سب سے پہلے مسلم کانفرنس نے علم ِجہاد بلند کیا تھا۔ ہم شہدائے کشمیر کی لاشوں پر کسی کو بھی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس برطانیہ کے ممتاز مرکزی راہنما اور نائب صدر راجہ محمد شبیر خان ناڑوی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ اسلام، آزادی، حق و انصاف اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنا مقدس اور پاک لہو دے کر قربانیوں کی ایک نئی داستان رقم کی ہے اور بھارت بھی اپنا ہر قسم کا ہتھکنڈا اور حربہ کشمیریوں پر آزما چکا ہے۔ مگر وہ اپنی تمام تر خباثت اور ظلم کے باوجود مظلوم کشمیری قوم کا جذبہ آزادی سرد نہیں کر سکا ہے۔ راجہ محمد شبیر خان ناڑوی نے کہا کہ ہم شہدائے کشمیر کی قربانیوں کے طفیل ہی آزاد خطہ میں حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور آج اسی ثمر کا نتیجہ ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کا یہ ٹکڑا آزادی جیسی بیش بہا نعمت سے مالامال ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بھائی بھی بھارت کا طوق غلامی توڑ کر آزادی کی مالا پہنیں گے۔ انہوں نے شہدائے کشمیر کو عقیدت بھرا سلام پیش کیا اور شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم آج اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم شہدائے کشمیر کی جلائی ہوئی شمع آزادی کو کبھی بھی بجھنے نہ دیں گے اور ریاست جموں و کشمیر سے آخری بھارتی فوجی کے نکل جانے تک تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر کے حالات ایسے ہیںہ آپس میں الجھنے کی بجائے نیک نیتی کے ساتھ متحد ہو کر اپنے ازلی دشمن بھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہونا چاہیے اور بین الاقوامی برادری کو اس کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بننے کے ڈھونگ سے آگاہ کرنا چاہیے۔ جو سکیولر بھارت کے نام پر کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 189388
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش