0
Thursday 23 Aug 2012 23:43

کراچی میں انتخابی عمل کو دباؤ، تشدد، ڈراؤ دھمکاؤ اور قتل و غارت گری سے پاک کیا جائے، لیاقت بلوچ

کراچی میں انتخابی عمل کو دباؤ، تشدد، ڈراؤ دھمکاؤ اور قتل و غارت گری سے پاک کیا جائے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے اور تیل، بجلی، گیس، کھاد بیج، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مسلسل اضافہ حکومت کی ناکام معاشی حکمت عملی ہے، اب موجودہ صورتحال عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، عدلیہ اور اداروں کے خلاف فساد کھڑا کرنے کی بجائے اپنی کرپشن، نااہلی اور ناکامی تسلیم کرتے ہوئے نئے انتخابات کا اعلان کریں۔ بلدیاتی انتخابات سے انکار جمہوریت کی دعویدار حکومت کے ماتھے پر جمہوریت دشمنی کا بدترین داغ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاندلیانوالہ فیصل آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم سید مدثر احمد شاہ کی تقریب ولیمہ کے موقع پر صحافیوں اور معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ نیٹو سپلائی بحال کر کے حکومت نے سنگین غلطی کی۔ اب حکومت اور فوج پر فاٹا، بلوچستان، مالاکنڈ ڈویژن کے بعد شمالی وزیرستان پر فوجی آپریشن کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔ فوج اور سول ریاستی نظام کا من پسند قیادت ابھارنے اور بالادستی قائم رکھنے کے لیے انتخابی نتائج کا رویہ ترک کرے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اہل و دیانتدار قیادت میسر آ سکے۔ انہو ں نے کہا کہ غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کے لیے غیرجانبدار اور قومی اتفاق رائے کی عبوری حکومت قائم کی جائے۔ عبوری حکومت کا وزیراعظم، پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر کی جماعتوں کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے۔ انتخابی فہرستوں کے نقائص ختم کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آسان اور سہل نظام اختیار کیا جائے۔ خواتین اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ملک بھر خصوصاً کراچی میں انتخابی عمل کو دباؤ، تشدد، ڈراؤ دھمکاؤ اور قتل و غارت گری سے پاک کیا جائے۔ جماعت اسلامی شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی تشکیل کی کوششیں جاری رکھے گی۔

لیاقت بلوچ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات میں کیا گیا اضافہ واپس لے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ایک دن پٹرولیم مصنوعات تو دوسرے دن بجلی گیس وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ حکومت روزانہ کی بنیاد پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 30فیصد تک کمی کر کے انہیں تین سال کے لیے منجمد کرے گی جبکہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ کمی کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 189560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش