0
Friday 24 Aug 2012 01:03

سانحہ بابو سر اور کراچی کے حالات دیکھ کر لگتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، قاضی حسین احمد

سانحہ بابو سر اور کراچی کے حالات دیکھ کر لگتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ اور سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ سانحہ بابو سر ٹاپ اور کراچی کے حالات دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں اپنے عوام کیخلاف آپریشن کیا تو یہ ملک و قوم سے غداری اور آئین کی خلاف ورزی ہوگی، قوم سمجھے گی یہ پاک فوج نہیں بلکہ امریکی کرائے کے گوریلے ہیں، جماعت اسلامی مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے ساتھ گرینڈ اپوزیشن الائنس قائم کرکے اپوزیشن کا ووٹ بینک تقسیم ہونے سے بچانے کی کوشش کرے گی، تاکہ زرداری ٹولہ آئندہ پانچ سال کیلئے قوم پر مسلط نہ ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
اس موقع پر جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کے رکن آصف لقمان قاضی، حاجی دوست محمد، مولانا سمیع الرحمان یوسفی، شباب ملی کے ضلعی صدر افتخار احمد خان اور ڈاکٹر عمر خان بھی موجود تھے۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ پاک آرمی نے وزیرستان میں اپنے عوام کے خلاف آپریشن کیا تو یہ ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہوگا، فوج اپنے عوام کے خلاف فوج کشی کا رویہ اختیار نہ کرے، یہ آئین کی بھی خلاف ورزی ہے اور قومی اسمبلی کی متفقہ قراردادوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاک فوج اپنے عوام کے خلاف استعمال ہوگی تو ہم یہ سمجھیں گے کہ یہ پاک فوج نہیں بلکہ امریکی کرائے کے گوریلے ہیں اور ان کی ایماء پر کام کر رہے ہیں۔ یہ امریکہ کی گہری سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو بلیک میل کر رہا ہے کہ ایک طرف افغانستان کی سرحد سے بھارت کی ایماء پر حملے کروا رہا ہے اور دوسری طرف امریکہ ڈرون حملے کرکے پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کو روند رہا ہے۔ اور پاکستانی حکمرانوں اور فوج کے زریعے اپنے ہی ملک کے عوام کو ماروا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں میں اب تک ہزاروں بے گناہ شہری شہید ہوچکے ہیں، تاہم ہمارے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، حکمران امریکہ سے ڈرون حملوں پر دو ٹوک الفاظ میں بات کریں۔ 

انھوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو الک تھلگ کرنا چاہتا ہے، امریکہ چین کے مقابلے میں ہندوستان کو خطے کا ٹھیکیدار بنانا چاہتا ہے اور پاکستان سمیت دیگر چھوٹے ممالک کو ہندوستان کی ذیلی ریاستوں میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ختم کرنا امریکہ کے اولین اہداف میں سے ہے، سانحہ بابو سر ٹاپ اور کراچی کے حالات دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بے روزگاری اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سمیت ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، پاکستان کے امن و امان کی صورتحال اتنی بگڑی ہوئی ہے کہ اب سرمایہ دار اور عام شہری پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک جانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی ایسی داخلی اور خارجہ پالیسیاں مرتب کے جو ملک کے مفاد میں ہوں، کیونکہ ملک کے مفادات سے متصادم پالیسیاں عوام کو قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت غیر متنازعہ عبوری حکومت تشکیل دیکر جلد از جلد انتخابات کا اعلان کرے کیونکہ انتخابات میں تاخیری حربے ملک و قوم اور خود حکمرانوں کیلئے مشکلات کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی کوشش ہے کہ ایم ایم اے بحال ہو جائے اور پھر مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی الائنس تشکیل دیکر گرینڈ اپوزیشن انتخابی الائنس قائم کیا جائے، تاکہ آصف علی زرداری اور اس کے اتحادیوں کے آئندہ پانچ سال کی صدارت کا خواب بھی پورا نہ ہوسکے اور ہمارا ووٹ بھی تقسیم نہ ہو۔
 
انہوں نے کہا کہ کامرہ ایئربیس پر حملہ ملک دشمن عناصر کا فعل اور ہمارے حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے، ہم اسکی بھرپور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کامرہ ائربیس ہمارا حساس قومی اثاثہ ہے اور اس پر حملہ کرنے والے امریکی ایجنٹ ہی ہوسکتے ہیں۔ جس نے بھی اس کی ذمہ داری قبول کی ہے، وہ پاکستان کے دشمن ہیں۔ کیونکہ امریکہ ہمارے ملک میں ایسی مداخلتیں کرکے ہمیں بلیک میل کرنا چاہتا ہے اور اسکی آڑ میں ہمارے ایٹمی اثاثوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، انہیں اپنے قبضے میں لینا چاہتا ہے اور یہ اسکی کھلی اور اعلانیہ پالیسی ہے۔
خبر کا کوڈ : 189567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش