0
Tuesday 28 Aug 2012 02:22

حکومتی لاپرواہی کیوجہ سے دہشتگرد کسی بھی وقت کوئٹہ کو آگ میں دھکیل سکتے ہیں، علامہ ہاشم موسوی

حکومتی لاپرواہی کیوجہ سے دہشتگرد کسی بھی وقت کوئٹہ کو آگ میں دھکیل سکتے ہیں، علامہ ہاشم موسوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی اور ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے تمام عہدیداران نے کوئٹہ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پھر دہشتگردوں نے اسلام دشمن ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تین بے گناہ ہزارہ اہل تشیع کو شہید اور دو کو شدید زخمی کردیا ہے۔ جس سے ملت تشیع پاکستان کے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں سپنی روڈ پر مسلسل ہزارہ اہل تشیع کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں حکومتی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ سانحہ سپنی روڈ سمیت دیگر تمام دہشت گردانہ واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو فوراً گرفتار کرکے سرعام پھانسی دی جائے، ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کی ملت تشیع کے خلاف اقدامات پر انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ازخود نوٹس لیکر دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیں اور گرفتار دہشتگردوں کو فوراً سزا موت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہزارہ قبائل اپنی مخصوص شناخت کی وجہ سے اکثر دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں جبکہ حکومت ہزارہ قبائل کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل کوتاہی برت رہی ہے۔ لہٰذا حکومت اور چیف جسٹس ہزارہ قبائل کو اپنی حفاظت خود کرنے کیلئے قانونی اسلحہ فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر میں ملت جعفریہ اور ہزارہ قبائل کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں۔ جس سے ہزارہ قبائل اور ملت جعفریہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی وقت کوئٹہ شہر کو حکومتی لاپرواہی کی وجہ سے یہ اسلام و پاکستان دشمن دہشت گرد آگ میں دھکیل سکتے ہیں۔ جس کی ساری ذمہ داری حکومت اور اس کے اداروں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ حکومتی ادارے دہشت گردوں کی پشت پناہی میں ملوث ہیں۔ جس کی مجلس وحدت مسلمین بھرپور مذمت کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 190524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش