0
Sunday 2 Sep 2012 18:50

پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ملک کیلئے ڈینگی وائرس ثابت ہوئے ہیں، لیاقت بلوچ

پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ملک کیلئے ڈینگی وائرس ثابت ہوئے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ملک کیلئے ڈینگی وائرس ثابت ہوئے ہیں،جن کے ساڑھے چار سالہ دور میں ملک مسلسل تقسیم اور قومی ادارے تباہ ہوئے ہیں، آرمی چیف جنرل کیانی وزیرستان آپریشن کی تیاریاں بند کریں، صدر فوری انتخابات کا علان کریں اور دینی و ہم خیال جماعتیں آئندہ انتخابات کیلئے متحد ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاڑکانہ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتوں کو غیر ملکی خیرات کی عادت پڑ چکی ہے لیکن کڑی شرائط پر حاصل کردہ قرضوں سے ملکی تقدیر نہیں بدلتیں، ان 65 برسوں میں 65 ارب ڈالر قرضہ لیا لیکن نہ تعلیم، صحت اور غربت کے معاملات ٹھیک ہوئے اور نہ ہی کوئی ادارہ مستحکم ہوا۔ پچھلے 12 برسوں میں حکمرانوں نے 95 ارب کی کرپشن اور لوٹ مار کی جبکہ 42 ہزار پاکستانی قتل ہوئے۔ بلوچستان کے فوجی آپریشن اور نواب اکبر بگٹی کے قتل سے کیا حاصل ہوا جو اب صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف وزیرستان میں فوجی آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں۔ لہٰذا آرمی چیف آپریشن کی تیاریاں بند کریں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری کی مفاہمت کی پالیسی منافقت کی پالیسی ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کی سرپرستی کرکے ہونے والی قتل و غارت گری میں اپنا حصہ ڈالا، لہٰذا پیپلز پارٹی کا ماتھا داغدار ہے اور وہ تاریخ سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر پائے گی۔ اگر حکومت آج کرپشن ختم کردے تو بجلی کا بحران ختم ہوجائیگا۔ صدر زرداری فوری طور نئے انتخابات کا اعلان کریں جبکہ تمام دینی اور ہم خیال جماعتیں موجودہ حکومت کے خلاف متحدہ ہوکر الیکشن کی تیاریاں کریں۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی اسلامی ممالک بشمول پاکستان میں اسلامی نہیں کافرانہ نظام چل رہا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر ایاز سومرو کے اس بیان کی شدید مذمت کی جس میں انہوں نے سزائے موت کے قانون کو ختم کرنے کا کہا ہے۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ سزائے موت کے قانون کا ذکر خود اللہ نے قرآن میں کیا ہے یہ قانون ختم کرنا اللہ کے قانون سے بغاوت کرنا ہے، تقریب میں صوبائی نائب امیر ڈاکٹر ممتاز میمن، عاشق دھامراہ، کاشف سعید شیخ سمیت شہر کے معززین، تاجر برادری اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 192163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش