0
Saturday 8 Sep 2012 04:36

ایجنسیز کا اختیارات سے تجاوز ملک میں انتشار پیدا کر رہا ہے، لیاقت بلوچ

ایجنسیز کا اختیارات سے تجاوز ملک میں انتشار پیدا کر رہا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایجنسیوں کے ماورائے قانون اقدامات نے ریاست کے اندر ریاست کی سی صورتحال پیدا کردی ہے، اداروں کا اختیارات سے تجاوز ملک کے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ سپریم کورٹ ایجنسیوں کو لگام دے، جماعت اسلامی لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، جلد ملک گیر سطح پر احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجنسیوں کے ہاتھوں اغواء کئے گئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں اجمل وحید اور اسامہ وحید کے اہل خانہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر حلقہ کراچی محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مغویوں کے اہل خانہ نے اس بات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا کہ ہم نے آئین و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے تمام اداروں کے دروازے کھٹکھٹائے مگر ہمیں اب تک انصاف نہیں ملا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پرامن شہریوں کو جرم بے گناہی کی سزا دینے سے ملک انتشار کا شکار ہوجائے گا، اگر کسی کا کوئی جرم ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، ہم اپنی جدوجہد میں تیزی لائیں گے اور جلد ملک گیر سطح پر ایک بڑی احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے تاکہ بے گناہ شہریوں کو بازیاب کرانے کیلئے ایجنسیز کو مجبور کیا جائے۔ انہوں نے محمد حسین محنتی اور نسیم صدیقی کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں مزید پیش رفت کریں اور اجمل وحید اور اسامہ وحید کی رہائی کیلئے متعلقہ حکام سے بات چیت کریں۔
خبر کا کوڈ : 193552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش