0
Saturday 8 Sep 2012 22:39

کراچی کا امن تباہ کرنے میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی برابر کی شریک ہیں، لیاقت بلوچ

کراچی کا امن تباہ کرنے میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی برابر کی شریک ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ توہین رسالت (ص) قانون میں کسی قسم کی ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی، ختم نبوت (ص) مسلمانوں کیلئے جزو ایمان ہے، بلدیاتی انتخابات کا شوشہ حکومت کی ناکامیوں اور نااہلیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے اور اسمبلیوں کی مدت میں ایک سال کی توسیع کرکے زرداری کو آئندہ پانچ سال کیلئے اسی الیکٹرول سے صدر منتخب کرنے کی سازش کی ہے۔ ملتان میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، ساڑھے چار سالہ دور ناکامیوں اور عوام دشمن اقدامات سے عبارت ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے بیرونی قرضے حاصل کرنے کے باوجود عوام کی حالت نہیں بدلی، عوام غربت، بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ آکر خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں، لا محدود وسائل کے باوجود ملک کی معاشی حالت دگر گوں ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے زراعت و صنعت اور تجارت کو تباہ اور عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے، پٹرول، ڈیزل، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کو حکمرانوں نے اپنی آمدن کا آسان ذریعہ سمجھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے ملک اور عوام کے مفادات کی بجائے امریکی مفادات کو سامنے رکھ کر پالیسیاں مرتب کرتے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ جنرل پرویز مشرف نے ایک ٹیلی فون کال پر ملک کو امریکہ کے حوالے کردیا، اب بھی مشرف دور کی امریکہ نواز پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے، پاکستان کی آزادی و خود مختاری اور سلامتی سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے، نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ نہیں، اب تک اس جنگ میں پاکستان کا 95 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے اور 42 ہزار سے زائد بے گناہ لوگ مارے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ قوم آرمی چیف جنرل کیانی سے پوچھتی ہے کہ اپنے ہی ملک میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے، لاکھوں افراد کو بے گھر کرنے اور ہجرت کرنے پر مجبور کرنے کے باوجود کیا نتائج حاصل کئے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا حب اور اقتصادی شہ رگ ہے، اس کو بھتہ خوروں، اغواء کاروں اور ٹارگٹ کلرز کے حوالے کردیا گیا ہے، کراچی کا امن تباہ کرنے میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی برابر کی شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل شفاف و منصفانہ، غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں، حکومت فوری طور پر غیر جانبدارانہ عبوری حکومت تشکیل دے کر انتخابات کا اعلان کرے، انہوں نے کہا کہ زرداری کی موجودگی میں شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کی توقع نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہوکر حکومت پر دبائو بڑھانا ہوگا تاکہ وہ بروقت شفاف غیر جانبدرانہ انتخابات کروائے۔
خبر کا کوڈ : 193762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش