0
Saturday 8 Sep 2012 09:29

زرداری بھارت کو خوش کرنے کیلئے کشمیر کا سودا کر سکتے ہیں، خالد ابراہیم

زرداری بھارت کو خوش کرنے کیلئے کشمیر کا سودا کر سکتے ہیں، خالد ابراہیم
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت اور آر پار کشمیریوں کے درمیان تجارت نے تحریک آزادی کشمیر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ کشمیری مہاجرین کی واپسی حکمرانوں کی غلط پالیسیوں، مہاجرین کے مسائل پر توجہ نہ دینے کا نتیجہ ہے۔ آزاد کشمیر میں اعلانات زیادہ اور کام کم ہو رہے ہیں۔ وزراء و مشیروں کی فوج بھرتی کر کے آزاد خطہ کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔ عید پر لوگوں کو تنخواہیں نہیں دی گئیں، قومی دولت وزراء و مشیر ذاتی عیاشیوں پر خرچ کر رہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر ترجیح اول ہے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ کشمیر کی وحدت پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ تحریکوں میں بعض اوقات ایسے مراحل آتے رہتے ہیں جب تحریکیں وقتی طور پر ٹھنڈی پڑ جاتی ہیں۔ کشمیر کی حالیہ تحریک میں بھی اتار چڑھائو آتا رہتا ہے۔ ابھی کشمیری مہاجرین کی واپسی کا ایشو ہے، بھارت اس معاملے کو زیادہ اچھال رہا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کے ساڑھے چار سالہ دور میں تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ کشمیریوں نے اقوم متحدہ سے مایوس ہو کر مسلح جدوجہد شروع کی تھی۔ اس تحریک میں اتار چڑھائو ضرور ہے لیکن کشمیری عوام یہ عزم رکھتے ہیں کہ بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے تک حق خودارادیت کی تحریک جاری رکھیں گے۔ 

سردار خالد ابراہیم نے کہا کہ ایکٹ 1974ء میں ترامیم وقت کی ضرورت ہے۔ 1970ء کے ایکٹ کو سامنے رکھ کر جتنے اختیارات 1978ء میں آزاد کشمیر حکومت کے پاس تھے وہ اختیارات زیادہ سے زیادہ واپس کیے جائیں، ہم اول روز سے یہ کہہ رہے ہیں کہ وزارت امور کشمیر کے قیام کا مقصد تو صرف اتنا تھا کہ یہ حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کے درمیان رابطے کا کام کرے گی لیکن یہ رابطے کی بجائے آزاد کشمیر حکومت کے اوپر حکومت بن گئی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت آر پار تجارت نے تحرک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، ہم شروع دن سے پاک بھارت تجارت کے خلاف ہیں، 65 سال سے ہم اس موقف پر قائم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 193570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش