0
Thursday 13 Sep 2012 14:32

سانحہ بلدیہ میں ہلاک شدگان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، الطاف حسین

سانحہ بلدیہ میں ہلاک شدگان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایک بار پھر گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقات میں یہ ضرور معلوم کیا جائے کہ فیکٹری میں فائر ایگزٹ کیوں نہیں تھا، آگ بجھانے کے آلات اور فائر الارم کیوں موجود نہیں تھے؟ دیگر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجوہات کیا ہیں اور ان کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے سلسلہ میں جائے وقوع پر قائم ایم کیو ایم کے امدادی کیمپ میں موجود ذمہ داران، کارکنان اور رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں، خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضا کاروں، سیکٹر اور یونٹ کے ذمہ داران، ایم این ایز اور ایم پی ایز اور وزراء کو رات دن محنت کرنے اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کو حصہ لینے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے بہادر اور جیالے کارکنوں نے جس طرح اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جانیں بچائی ہیں اور اپنا گھر بار چھوڑ کر جس طرح امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ہے، جس طرح مادی اور سیاسی فائدے کو بالائے طاق رکھ کر انسانیت کی خدمت کی ہے، اس پر وہ سلام تحسین کے مستحق ہیں، اللہ تعالی ان کی شب و روز محنت کو قبول فرمائے اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو اس کا اجر عظیم عطا کرے۔

الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کا منشور انسانیت کی خدمت ہے، اس کی سیاست کا مطلب عوام کی خدمت ہے۔ میرا اپنے ساتھیوں کو یہی درس ہے کہ یہ نہ دیکھو کون کیا کر رہا ہے بلکہ یہ دیکھو کہ ہم انسانیت کی کیا خدمت کر سکتے ہیں۔ الطاف حسین نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ان تمام کو شہادت کا درجہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، اللہ تعالی پاکستان کو زمینی اور آسمانی آفات سے محفوظ فرمائے، ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے اور مجبور و بے کس لوگوں پر رحم فرمائے۔ الطاف حسین نے ایک بار پھر مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ حسب توفیق متاثرہ خاندانوں کی کفالت کریں تو یہ صدقہ جاریہ ہوگا اور اللہ تعالی آپ کے والدین اور بزرگوں کو اس کا ثواب پہنچائے گا۔
خبر کا کوڈ : 195120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش