0
Saturday 15 Sep 2012 22:44

حجاب خواتین کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بلکہ ان کا محافظ ہے، بیگم وزیراعظم

حجاب خواتین کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بلکہ ان کا محافظ ہے، بیگم وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی اہلیہ، خاتون اول بیگم نصرت پرویز اشرف نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی میں حجاب رکاوٹ نہیں بلکہ ان کا محافظ ہے، شرم و حیاء عورت کا زیور اور حجاب اس کا محافظ ہے، خواتین اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے حجاب اور دوپٹے کو اپنائیں، حجاب میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے باپردہ لباس پہنا اور دوپٹے کے تقدس کو پروان چڑھایا۔ وہ مقامی ہوٹل میں ویمن اینڈ فیملی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ ’’حجاب کانفرنس‘‘ سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر بیگم مسرت لطیف کھوسہ، بیگم غزالہ سعد رفیق، طیبہ خانم بخاری، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر رخسانہ جبیں و دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

بیگم نصرت پرویز اشرف نے کہا کہ حجاب عورت کا تحفظ اور معاشرے کی پاکیزگی و تطہیر کا ضامن ہے، یہ عورت کا فطری حق اور مسلمان عورت کا دینی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے حیاء و حجاب کے تقدس میں عورت کو محفوظ اور قابل احترام بنا دیا ہے، اسلام رواداری، امن و سلامتی اور محبت واخوت کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں میں حجاب کے بنیادی کردار سے چشم پوشی کا رویہ دکھائی دیتا ہے مگر خاندانی نظام کے تحفظ کیلئے ہمیں حیاء کے تحفظ کو معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے، حجاب کانفرنس کا انعقاد اس سلسلے کی کامیاب کوشش ہے۔

خاتون اول نے کہا کہ مرد عورت کی عزت و احترام کو اپنا شعار بنائیں اور خواتین اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے حجاب اور دوپٹے کو اپنائیں، عورت حجاب میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا اصول ہے کہ قیمتی چیز کو پردے میں رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے باپردہ لباس پہنا اور دوپٹے کے تقدس کو پروان چڑھایا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے اپنے صدارتی میں خطاب میں کہا کہ قرآن و سنت کی واضح تعلیمات اور حیاء و حجاب کے شعار کیخلاف مغربی پراپیگنڈہ جتنی تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے اس سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ اسلام کے شعار پر فخر اور اعتماد بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عورت کی شخصیت صرف حجاب کے ذریعے باوقار، مطمئن اور پرسکون دکھائی دیتی ہے۔ اس موقع پر صدر ویمن اینڈ فیملی کمیشن جماعت اسلامی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ حیاء اور حجاب ہی معاشرتی بنیادوں کی مضبوطی کے ضامن ہیں، وطن عزیز پاکستان اور عالم اسلام کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے شعار اسلام کی حفاظت اور پاسداری کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ اس موقع پر سمیحہ راحیل قاضی نے خاتون اول بیگم نصرت پرویز اشرف کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ خاتون اول نے ممتاز مصنفہ مریم جمیلہ، باپردہ آرمی کیپٹن ڈاکٹر کوثر فردوس، باحجاب خاتون پائلٹ شہناز لغاری، سارہ چودھری، مسرت مصباح اور عروج ناصر کو شیلڈز دیں۔

اس موقع پر حجاب کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بطور ایشو اجاگر کرنیوالی ترکی کی مشہور پارلیمنٹیرین مروۃ قواچی، حجاب کی خاطر شہادت قبول کرنیوالی شہیدۃ الحجاب مروۃ الشربینی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور مصر میں پہلا باحجاب ٹیلی ویژن چینل چلانے والی ٹیم کو بھی علامتی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ کانفرنس میں حجاب کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعدازاں خاتون اول بیگم نصرت پرویز اشرف نے وہاں لگائے گئے حجاب، برقعوں اور دیگر ملبوسات کے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 195719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش