0
Friday 21 Sep 2012 03:39

یوم عشق رسول (ص) گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاجی تحریک کا آغاز ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

یوم عشق رسول (ص) گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاجی تحریک کا آغاز ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کا اعلان خوش آئند ہے، یوم عشق رسول اللہ گستاخانہ فلم کے خلاف تحریک کا آغاز ہے اختتام نہیں، ضرورت اس امر کی کہ ہے کہ یہ دن منانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ یورپ کی تنگ نظری اور دوغلی پالیسی کا یہ عالم ہے کہ وہاں ہٹلر نام رکھنا جرم ہے، ہولوکاسٹ پر گفتگو کرنے پر سزا دی جاتی ہے لیکن رحمت للعالمین (ص) کی شان میں گستاخی کو آزادی اظہار کا نام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ اگر افغانستان میں گوتم بدھ کے مجسمے کو توڑا جائے تو دنیا واویلا مچاتی ہے لیکن ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری پر اقوام عالم خاموش ہیں، گستاخانہ فلم پر فوری عالمی ردعمل سامنے نہ آنے کی وجہ سے ہی ایک فرانسیسی میگزین بھی گستاخی پر اتر آیا۔ امریکہ ہر چھوٹی سے چھوٹی بات کو بھی مسلمانوں کی شدت پسندی قرار دے دیتا ہے لیکن اتنے بڑے جرم کو آزادی رائے کا نام دے کر منافقانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بننے والی یہ توہین آمیز فلم اور کارٹون دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کہا کہ سرکار رسالت (ص) کی شان میں کی جانے والی اس گستاخی پر راست قدم اٹھاتے ہوئے امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور امریکی سفارت خانے کی توسیع روک دی جائے نیز ملک میں امریکیوں کی آزادانہ آمد و رفت پر پابندی عائد کی جائے، انہوں نے تمام دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ طریقہ احتجاج پر بحث کرنے کی بجائے اس گستاخی پر گفتگو کریں، اصل موضوع کا رخ موڑنے کی کوشش نہ کریں اور تمام علماء و دانشور مل کر ایک ساتھ اس گستاخی کا فکری، نظریاتی اور عملی جواب دیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اگر حکومت نے گستاخانہ فلم کے حوالے سے کوئی سنجیدہ قدم نہ اٹھایا تو پھر عوام انتہائی اقدامات سے بھی گریز نہیں کریں گے، ہم ناموس رسالت (ص) پر اپنی جان تک قربان کرنے کو تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 197241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش